بیونس آئرس(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی ریسلر عنایت اﷲ نے یوتھ اولمپکس میں امریکی ریسلر کو دھول چٹادی۔ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں جاری یوتھ اولمپکس میں پاکستانی ریسلر عنایت ﷲ نے امریکی ریسلر کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے عنایت اﷲ نے 65کلو گرام کی کیٹگری میں یہ کامیابی حاصل کی۔عنایت اﷲ نے یوتھ اولمپکس کے ریسلنگ ایونٹ میں نیوزی لینڈ کے ریسلر کو 13-2 پوائنٹس سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ جہاں ان کا سامنا ورلڈ چیمپئن آذربائیجان کے ریسلر سے ہوا جس میں وہ 8 پوائنٹس سے ہار گئے۔برانز میڈل میں انہوں نے امریکی ریسلر کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6-2 سے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ عنایت اﷲ کے والد زاہد خان بھی دس سال تک چیمپئن رہے ہیں اور بھائی نعمت اﷲ بھی ریسلنگ میں ملکی سطح کے مقابلوں میں اچھے نتائج دے رہے ہیں۔عنایت اﷲ نے اس میڈل کو ان تمام نوجوان ریسلرز کے نام کیا ہے جو اس کھیل میں ملک کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ عنایت اﷲ اس سے قبل ورلڈ بیچ جونیئر مقابلوں میں گولڈ اور 2016 میں بنکاک میں ایشین جونیئر ریسلنگ چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیت چکے ہیں۔