عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر آسٹریلیا پرائم منسٹر الیون کا حصہ بن گئے


سڈنی، لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ اسپنر عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹور میچ کے لیے آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون میں شامل کرلیا گیا۔عثمان قادر 31 اکتوبر کو دارالحکومت کینبرا میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے واحد ٹور میچ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کریں گے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم 3 ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلیا پہنچے گی جہاں صرف ایک وارم اپ میچ کھیلا جائے گا۔دنیائے کرکٹ کی دونوں بڑی ٹیموں کے درمیان یہ سیریز رواں سال مارچ میں آسٹریلیا کی ٹیم پر بال ٹیمپرنگ کے سنگین الزامات کے بعد پہلی سیریز ہوگی۔یاد رہے کہ بال ٹیمپرنگ تنازع کے بعد اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کے علاوہ اوپننگ بلے باز کیمرون بینکرافٹ اور کوچ ڈیرن لیہمن کو بھی اپنے عہدے سے الگ ہونا پڑا تھا۔لاہور میں پیدا ہونے والے 25 سالہ عثمان قادر 2016 میں آسٹریلیا منتقل ہوئے تھے اور کہا تھا کہ ان کے ملک میں کھیلوں میں سیاست کا عمل دخل ہوتا ہے۔آسٹریلیا میں انہوں نے سڈنی میں گریڈ کرکٹ کھیلی اور اس سے قبل ایڈیلیڈ میں کلب مقابلوں میں بھی حصہ لیتے رہے ہیں۔عثمان قادر نے پاکستان میں بھی فرسٹ کلاس میچ کھیلے جبکہ آسٹریلیا میں سڈنی میں صرف 6 میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کر کے موجودہ کوچ جسٹن لینگر اور سابق فاسٹ باولر جیف لاسن کی توجہ حاصل کرلی تھی۔

error: Content is protected !!