سنسنی خیز مقابلہ،بھارت اور ویسٹ انڈیز کا میچ ٹائی


ویشاکھاپٹنم(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں دلچسپ و سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہو گیا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 321 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا، ویرات کوہلی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 157 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم بھی ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 321 رنز بنا سکی، 78 رنز پر 3 وکٹیں کھونے کے بعد شے ہوپ اور ہٹمائر حریف باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے بھارتی باؤلرز کی خوب دھنائی کی اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 143 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو جیت کی امید دلائی لیکن ویسٹ انڈین میچ میں فتح تو حاصل نہ کر سکی البتہ میچ ٹائی کرنے میں کامیاب رہی، شے ہوپ 123 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ہٹمائر 94 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے، اومیش یاداو نے آخری اوور میں 14 رنز کا دفاع کر کے اور ہوپ نے آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی اپنی ٹیموں کو شکست سے بچایا، کوہلی کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ بدھ کو ویشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم کے قائد ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 321 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، میزبان ٹیم کی اننگز کا کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 15 کے سکور پر اسے روہت شرما کا نقصان اٹھانا پڑا جو 4 رنز بنانے کے بعد کیمرروچ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 40 کے سکور پر شیکھر دھون 29 رنز بنا کر ایشلے نرس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی اور امباتی رائیڈو نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 139 قیمتی رنز بنا کر ٹیم کا سکور 179 تک پہنچا دیا، یہاں پر ایشلے نرس نے رائیڈو کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی

رائیڈو نے 73 رنز کی اننگز کھیلی، دھونی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 20 رنز بنا کر میکائے کی گیند کا نشانہ بنے، ریشبھ پانٹ کا بلا بھی نہ چلا اور وہ 17 رنز بنا کر چلتے بنے، روندرا جدیجا بھارت کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہوں نے 13 رنز بنائے، کوہلی نے ڈٹ کر کالی آندھی کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور شاندار سنچری سکور کی، وہ 157 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ایشلے نرس اور اوبدمیکائے نے 2، 2، روچ اور سیموئلز نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم بھی ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 321 رنز بنا سکی، کالی آندھی کو آخری اوور میں جیت کیلئے 14 رنز درکار تھے لیکن وہ 13 رنز بنا سکی، اسطرح میچ ٹائی ہو گیا، ہوپ 123 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، شمرون ہٹمائر نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 چھکوں کی مدد سے 94 رنز کی اننگز کھیلی اور دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے، کیرن پاویل 18، ہمراج 32، مارلون سیموئلز 13، روومان پاویل 18، کپتان جیسن ہولڈر 12 اور ایشلے نرس 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کلدیپ یاداو نے 3، محمد شامی، اومیش یاداو اور یزوندرا چھاہل نے ایک، ایک وکٹ لی۔

error: Content is protected !!