لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے فٹ بال کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، حال ہی میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے منعقد کرائے گئے پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ میں حصہ لینے والے کھلاڑی اب قومی انڈر15فٹ بال ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں جو کہ خوش آئند ہے، جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ یہ امر قابل اطمینان ہے کہ فٹ بال کا کھیل فروغ پار ہا ہے،سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے حال ہی میں پنجاب انڈر15بوائز فٹ بال کپ منعقد کرایا گیا جس میں گراس روٹ لیول سے کھلاڑی تلاش کرکے آگے لائے گئےفٹ بال کپ میں سینکڑوں کھلاڑیوں نے حصہ لیا، اسی فٹ بال کپ میں کھیلنے والے کھلاڑی اب قومی ٹیم میں شامل ہیں، ملتان سے تعلق رکھنے والے نوجوان فٹ بالر عدنان جسٹن نیپال میں جاری ساف انڈر15فٹ بال چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کا حصہ ہیں اور عدنان جسٹن نے بھارت کیخلاف ایک گول بھی کیا ہے جبکہ فٹ بال کپ میں کھیلنے والے تین دیگر کھلاڑیوں عبداللہ عظیم، محبت علی اور شوکت منور نے قومی انڈر 15فٹ بال کے تربیتی کیمپ میں بھی حصہ لیا، ہم پرامید ہیں یہ کھلاڑی بھی جلد قومی ٹیم میں شامل ہوکر ملک کا نام روشن کریں گے۔