سپورٹس سٹارز بنانے کیلئے سپورٹس کا جدید انفراسٹرکچر بنا رہے ہیں،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس سٹارز بنانے کیلئے سپورٹس کا جدید انفراسٹرکچر بنا رہے ہیں، صوبہ بھر میں سپورٹس کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے اہم اقدامات کر رہے ہیں، نوجوانوں کو سپورٹس کی طرف لے کر آئیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں گوجرانوالہ ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں گوجرانوالہ ڈویژن میں جاری سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں اور سپورٹس کی سرگرمیوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، افسران نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کو تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر گوجرانوالہ خواجہ سیف، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر گوجرانوالہ عائشہ سلیم چیمہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نارووال محمد اصغر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرسیالکوٹ عمران بٹ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر حافظ آباد ماجد حسین، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرمنڈی بہاء الدین محمد وحید، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر گجرات غلام عباس و دیگر نے شرکت کی

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی درست رہنمائی کی جائے، سپورٹس بورڈ پنجاب ہر تحصیل میں نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کررہا ہے تاکہ وہ اپنے کھیل کو بہتر بنا سکیں، گوجرانوالہ ڈویژن میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبے بنائے جارہے ہیں جن کی تکمیل سے نوجوان جدید سہولتوں سے استفادہ کرسکیں گے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے افسران کو ہدایت کی کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی 15روزہ رپورٹ بناکر بھیجی جائے اور ترقیاتی منصوبوں کو جلدازجلد مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ سب کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر سپورٹس کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

error: Content is protected !!