ٹی ٹین لیگ کا دوسرا روز بائولرز کے نام،بنگال ٹائیگرز اور سندھیز کی جیت

شارجہ (سپورٹس لنک رپورٹ)ٹی10 لیگ کا دوسرا دن باؤلرز کے نام رہا اور پراوین ٹامبے اور عامر یامین کی ہیٹ ٹرک کی بدولت بنگال ٹائیگرز اور سندھیز نے فتح حاصل کر لی۔دن کا پہلا میچ بنگال ٹائیگرز اور ناردرن وارئیرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جہاں واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔جیسن رائے اور شرفین ردرفورڈ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بنگلا ٹائیگرز نے صرف ایک وکٹ گنوا کر مقررہ اوورز میں 130رنز بنائے۔جیسن رائے نے 29گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 60 جبکہ ردرفورڈ نے 21 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 47رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں واریئرز کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 33رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن سنیل نارائن نے لگاتار دو گیندوں پر ہم وطن ڈیوین اسمتھ اور آندرے رسل کو چلتا کر دیا۔ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران اور لینڈل سمنز کی جوڑی نے اسکور کو 81تک پہنچایا لیکن علی خان نے پوران کی 14رنز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔تاہم میچ میں اصل ڈرامہ اگلے اوور کی پہلی گیند سے شروع ہوا جب عامر یامین نے پہلی گیند پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 44رنز بنانے والے لینڈل سمنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔عامر نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے اگلی دو گیندوں پر روومین پاول اور روی بوپارہ کو چلتا کر کے ناصرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ اگلی ہی گیند پر ہرڈس ولجوئن کو بھی آؤٹ کر کے چار گیندوں پر 4 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔

https://twitter.com/T10LeagueTweets/status/1065701667872653312

واریئرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 94رنز ہی بنا سکی اور بنگال ٹائیگر نے میچ میں 36رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔عامر یامین نے میچ میں ٹی10 کی تاریخ کا پہلا میڈن اوور کرا کر نئی تاریخ رقم کردی اور میچ میں کرائے گئے دو اوورز میں 4 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دن کا دوسرا میچ کیرالہ کنگز اور سندھیز کے درمیان کھیلا گیا جس میں 47 سالہ بھارتی باؤلر پراوین ٹامبے کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سندھیز نے میچ میں باآسانی فتح حاصل کر لی۔انہوں نے میچ کے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر کرس گیل کو آؤٹ کرنے کے بعد چوتھی، پانچویں اور چھٹی گیند پر آئن مورگن، کیرون پولارڈ اور فیبیئن ایلن کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ایک موقع پر کیرالہ کی ٹیم 21رنز پر 6 وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی لیکن اس موقع پر وین پارنیل اور سہیل تنویر نے 49رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔

https://twitter.com/T10LeagueTweets/status/1065701557453373440

پارنیل نے 24 گیندوں پر 4 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 59رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سہیل تنویر 27رنز بنائے۔کیرالہ کنگز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 103رنز بنا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔ہدف کے تعاقب میں شین واٹسن اور اینٹن ڈیوسچ نے اپنی ٹیم کو 32 گیندوں پر 80رنز کا آغاز فراہم کر کے کیرالہ کو میچ سے باہر کردیا۔شین واٹسن نے 50 اور ڈیوسچ نے 49رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب چار، چار چوکے اور اتنے ہی چھکے بھی لگائے جس کی بدولت سندھیز نے ہدف 14گیندوں قبل ہی حاصل کر لیا۔15رنز کے عوض 5 وکٹیں لینے والے پروین ٹامبے مین آف دی میچ قرار پائے۔دن کے تیسرے میچ میں پنجابی لیجنڈز نے مراٹھا عریبینز کو 43رنز سے شکست دی۔

error: Content is protected !!