چٹاگانگ ٹیسٹ،بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو روک دیا


چٹاگانگ(سپورٹس لنک رپورٹ)تیج الاسلام کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 64 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔چٹاگانگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ہفتہ کو تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 55 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ سے اپنی دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 125 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے مہمان ویسٹ انڈین ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 204 رنز کا ہدف دیا۔مشفق الرحیم 19، مہدی حسن میراز 18، محموداللہ 31، نعیم حسن 5 اور تیج الاسلام ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے دویندرا بشو نے 4، روسٹن چیز نے 3 اور ویریکن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور شین ویمبرس اور ویریکن کے سوا کوئی بھی بلے باز بنگلہ دیشی باؤلرز خصوصاً تیج الاسلام کی اسپن باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا۔کپتان کریگ بریتھویٹ 8، کیرن پاول صفر، شے ہوپ 3، ایمبرس 43، روسٹن چیز صفر، شیمرون ہٹمیئر 27، شین ڈاؤرچ 5، بشو 2، کیماروچ ایک اور ویریکن 41 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 139رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے 6 جبکہ شکیب الحسن اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے بنگلہ دیش کے مومن الحق کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

error: Content is protected !!