لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پر کھلاڑیوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، بدھ کے روز لاہور کالج یونیورسٹی فار وومن میں انٹر تحصیل گرلز والی بال کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں تحصیل لاہور سٹی کی ٹیم فاتح رہی
تحصیل ماڈل ٹائون اور تحصیل لاہور کینٹ کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں، مقابلے بیسٹ آف تھری کے تحت ہوئے، مقابلوں میں 36 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، مقابلوں کی مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس وردہ شوروش تھیں، تحصیل ماڈل ٹائون کی لڑکیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تحصیل لاہور کینٹ کو 2-0سے ہرادیا، دوسرے میچ میں تحصیل لاہور سٹی کی لڑکیوں نے تحصیل ماڈل ٹائون کو 2-0سے شکست دی۔
پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی کھیلوں کے مقابلے جاری رہے، ضلع حافظ آباد کے حنیف سٹیڈیم میں ہونیوالے انٹرتحصیل گرلزاتھلیٹکس کے مقابلے تحصیل حافظ آباد نے جیت لئے، مقابلوں میں 44اتھلیٹس نے حصہ لیا، پنڈی بھٹیاں دوسرے نمبر پر رہا، عائشہ نے 100میٹر، عنیزہ نے 200اور 800میٹرز، سعدیہ نے 400میٹر ریس جیتی
4×100 میٹر ریلے ریس عائشہ اور ان کی ٹیم نے جیتی، لانگ جمپ میں انعم شہزادی، شاٹ پٹ اور ڈسکس تھرو کی فاتح منیزہ رہیں، تحصیل ننکانہ صاحب نے کرکٹ کے مقابلے میں تحصیل شاہ کوٹ کو 27رنز سے شکست دیدی ۔