ورلڈ مارشل آرٹ الپاگت چیمپیئن شپ میں پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی


باکو(سپورٹس لنک رپورٹ)آذربائیجان میں منعقدہ ورلڈ مارشل آرٹ الپاگت چیمپیئن شپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی اور 6 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نےمختلف کیٹگریز میں 3 گولڈ، 2 سلور اور دو برونز میڈل حاصل کیے۔آذربائیجان کےشہر باکو میں منعقدہ ورلڈ مارشل آرٹ الپاگت چیمپئن شپ میں پاکستان اور بھارت سمیت 15 ممالک سے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں میں عبدالمنان اچکزئی، عزیزاللہ خان اور نصیب اللہ شامل تھے۔ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ان تینوں کھلاڑیوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے جبکہ عزیز اللہ اور نصیب اللہ رشتے میں باپ اور بیٹے ہیں۔عزیز اللہ خان نے فائنل مقابلے میں بھارتی کھلاڑی اور ان کے بیٹے نصیب اللہ نے ترکی کے کھلاڑی کو شکست دی جب کہ عبدالمنان اچکزئی نےاپنی کیٹگری کے فائنل مقابلے میں آذربائیجان کےکھلاڑی کو شکست دی۔ کوئٹہ کے عبدالمنان اچکزئی نےایک کیٹگری میں سلور میڈل بھی حاصل کیا۔

ان کے علاوہ ڈیرہ غازی خان کے محمد نذیر نے سلور میڈل حاصل کیا جبکہ برونز میڈل حاصل کرنے والوں میں کراچی کے عبداللہ خان خلجی اور کوئٹہ کے کامران پرکانی شامل ہیں۔چیمپیئن شپ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم چھ کھلاڑیوں اور دو آفیشلز پر مشتمل تھی، جن میں پاکستان الپاگت فیڈریشن کےعہدیدار جلال الدین ترین اور محمد قاسم شامل تھے۔محمد قاسم نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مواقع ملے تو پاکستانی کھلاڑی اسی طرح کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔

error: Content is protected !!