ابوظہبی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، انجری کا شکار محمد عباس کل شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے ان کی جگہ نوجوان فاسٹ بائولر شاہین آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دی جائیگی ، ادھر کل شروع ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں جادوگر سپنر یاسر شاہ کی نظریں وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کرنے پر لگ گئیں۔سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہو گا، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اسی میدان پر سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا جس میں کیویز کو کامیابی ملی تھی، گرین کیپس نے دبئی کا میدا ن مارکر حساب برابر کر دیا تھا۔ دونوں ٹیموں نے سیریز جیتنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لیں، جوڑ توڑ بھی مکمل، پلان بھی فائنل کر لیے گئے۔ دوسری جانب دبئی ٹیسٹ کے ہیرو یاسر شاہ ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بننے کا خواب دیکھنے لگے ہیں۔ قومی لیگ سپنر مزید پانچ شکار کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی تیز ترین ڈبل سنچری مکمل کرنے والے پہلے بولر بن جائیں گےؕ یاسر شاہ بتیس میچز میں ایک سو پچانوے شکار کر چکے ہیں۔ابھی تک کم سے کم چھتیس میچوں میں یہ کارنامہ آسٹریلیا کے گریمٹ انجام دے چکے ہیں۔