لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور سے چین کے 4رکنی وفدنے منگل کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں ملاقات کی، وفد کی قیادت چینی صوبہ لیونگ کے شہر دالیان کی ہیلینا چن نے کی، وفد میں لیو گوا وی، لیو دی وی اور ین لیو شامل تھے، ملاقات میں پاک چین دوستی کومزید مضبوط بنانے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب اور چینی وفد سپورٹس ایکسچینج پروگرام کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے، ایم یو او پر دستخط کی تقریب 5دسمبر کو سپورٹس بورڈ پنجاب میں منعقد ہوگی، وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ پاکستان چین کے سپورٹس کے میدان میں تجربے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے چین نے سپورٹس کی دنیا میں نمایاں مقام بنایا ہے
دوسرے شعبوں کی طرح سپورٹس میں بھی پاکستان چین سے تعاون کا خواہاں ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ سپورٹس کے شعبہ میں چین کے تعاون سے ہمارے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں گے، دونوں ممالک کے کھلاڑی ایک دوسرے ممالک کے دورے کرکے بہت کچھ سیکھیں گے، سپورٹس ایکسچینج پروگرام سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی ثقافت سے روشناس ہوں گے اور عوامی سطح پر تعلقات مضبوط ہوں گے
اس موقع پر وفد کی سربراہ ہیلینا چن نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے انفراسٹرکچر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی معیار کے مطابق ہے جس سے نوجوان فائدہ اٹھا کر عالمی سطح پر اپنا اور پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں، پاکستان سے دوستانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستانی عوام ہمارے بھائی ہیں اور ان کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوتی ہے، پاکستان میں سپورٹس کا بہت ٹیلنٹ ہے، اس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے مکمل تعاون کریں گے۔