اسلام آباد( سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان ساکر فٹسال فیڈریشن کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی ٹرائینگولر چیمپئن شپ شروع ہوگئی۔ جمعرات کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ایونٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کھیلوں کو فروغ دینے کاعزم کررکھا ہے کھیلوں کی بحالی اولین ترجیح ہے وزارت بین الصوبائی رابطہ تمام کھیلوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فٹسال ایک ایسا کھیل ہے جو جسمانی اور دماغی نشونما کے لئے بہت ضروری ہے دنیا کے بڑے فٹبالر رونالڈو،میسی بھی فٹسال کھیل کرہی آگے بڑھے اچھا ایونٹ منعقد کرانے پر فیڈریشن کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان ساکر فٹسال فیڈریشن کے چیئرمین ملک مہربان نے کہا کہ فٹسال تیزی سے مقبول ہونے والا کھیل ہے نیپا ل اور افغانستان کی ٹیموں نے شرکت کرکے ہماری حوصلہ افزائی کی ہے اس کے بعد بھی اسی طرح کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کرانے کی کوششیں جاری رکھیں گے اس طرح کے ایونٹ سے ملک میں بین الاقوامی ٹیموں کی آمد شروع ہوچکی ہے جس سے کھیلوں کے میدان آباد ہورہے ہیں۔چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت نیپال اور افغانستان کی ٹیمیں بھی شرکت کرہی ہیں افتتاحی تقریب کے موقع پر تینوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور شائقین کے لئے موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا۔