سینچورین (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور ساؤتھ افریقا کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ ابتداء سے ہی بحران کا شکار نظر آرہی ہے اور کھانے کے وقفے تک 76کے مجموعی سکور پر دونوں اوپنر امام الحق اور فخر زمان سمیت 4 کھلاڑی آوٹ ہوکر پویلین لوٹ چکے ہیں۔سینچورین ٹیسٹ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان اور ساؤتھ افریقا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج اسپورٹس پارک سنچورین، جنوبی افریقا میں کھیلا جارہا ہے۔قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ اوپنر شان مسعود کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن میں فخرزمان، امام الحق، اظہرعلی، اسد شفیق، شان مسعود، حسن علی، یاسر شاہ، محمد عامر اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔واضح رہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عباس اور لیگ اسپنرشاداب خان پہلے ہی ان فٹ ہوکرپہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوچکے ہیں۔اس سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان اب تک ہونے والے 23 ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان نے 4 جبکہ جنوبی افریقا نے 12 میچ جیتے ہیں جبکہ 7 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔پاکستان نے جنوبی افریقا کی سرزمین میں کبھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی، جبکہ 2013 میں مصباح الیون کو وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔