انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا،فائنل آج پاکستان گرین اور بھارت کے درمیان

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اتوار کے روز ہو نے والے انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کے لئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں،آج اتوار کے روز دوپہر 3بجے پنجاب سٹیڈیم میں پاکستان گرین اور بھارت کی کبڈی ٹیموں کے درمیان انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کا فائنل کھیلا جائے گا جبکہ 2بجے تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لئے پاکستان وائٹ اور ایران کی ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا۔صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی سے بھارت اور ایران کی کبڈی ٹیموں کے آفیشلز اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے عہدیداران نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ سپورٹس کی سرگرمیوں سے بھارت اور ایران سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے

سپورٹس عوام کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے، بھارت اور ایران کی ٹیموں نے پاکستان آکر پاکستانی عوام کے دل جیت لئے ہیں، مستقبل میں بھی سپورٹس کے مقابلے منعقد کرائیں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سپورٹس کی ترقی کے لئے مستقبل میں اس طرح کے مزید ایونٹس منعقد کرے گی، انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا میں بھارت، ایران اور پاکستان کی ٹیموں نے بہاولپور، ساہیوال میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، اتوار کو فائنل میں بھی اچھی کبڈی دیکھنے کو ملے گی۔بھارت اور ایران کی ٹیموں نے پنجاب سٹیڈیم کا دورہ کیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی کبڈی ٹیم کے مینجر گلدیپ سنگھ نے کہا کہ ہم پنجاب حکومت، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سروراور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے شکرگزار ہیں جنہوں نے بہت محبت دی اور کبڈی کا بہترین ایونٹ منعقد کرایا

انہوں نے کہا کہ سپورٹس کے ذریعے ہی دونوں ممالک کے درمیان پیار محبت کا رشتہ قائم ہوسکتا ہے، بھارت کی کبڈی ٹیم کے کپتان ہرجیت سنگھ نے کہا کہ میںپاکستان پہلی مرتبہ آیا ہوں اور پاکستان آکر بہت محبت ملی ہے جو عمر بھر یاد رکھوں گا،بہاولپور اور ساہیوال میں میچز کھیل کر آئے ہیں، بہت مزہ آیا ہے، اتوار کو لاہور میں کھیلیں گے جو کہ ایک یادگار دن ہوگا، پاکستان گرین کی ٹیم بہت اچھی ہے ،امید ہے اتوار کو فائنل میں دلچسپ مقابلہ ہوگا،ہرجیت سنگھ نے مزید کہا کہ کبڈی بھارتی پنجاب اور پاکستانی پنجاب کے جوانوں کے خون میں رچی بسی ہے جہاں کبڈی ہوگی، پنجاب کے کھلاڑی وہاں ہوں گے، بھارتی کھلاڑی سچن کمار نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے بہت پیار دیا ، یہاں سے اچھی اور خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے، دونوں ممالک کے عوام کبڈی کو بہت زیادہ پیار کرتے ہیں اور ہم کبڈی کی محبت میں ہی یہاں آئے ہیں تاکہ اس کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جاسکے، اس موقع پر ایران کی کبڈی ٹیم کے کھلاڑی بھی موجودتھے۔

error: Content is protected !!