کابل (سپورٹس لنک رپورٹ) افغانستان اور آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز 21 فروری کو ٹی ٹونٹی میچ سے ہو گا۔ دونوں ممالک کے بورڈز نے رواں سال شیڈول انڈین پریمیئر لیگ کے پیش نظر سیریز جلدی شروع کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی، پانچ ون ڈے اور ایک ٹیسٹ میچ کی سیریز کھیلی جائے گی۔مجوزہ شیڈول کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز 21 فروری سے شروع ہو گی، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا آغاز 28 فروری سے ہو گا اور پھر دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 15 مارچ سے شروع ہو گا۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شفیق اللہ ستانک زئی نے کہا کہ کرکٹ آئرلینڈ نے ہماری درخواست پر تعاون کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملے گا۔