ڈی سی سینٹرل گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا اعلیٰ پیمانے پرانعقاد ہوگا‘ وسیم الدین

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈسٹرکٹ سینٹرل میں فٹبال کی ترقی و ترویج کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے۔ ڈی ایف اے سینٹرل کے ساتھ مل کر ڈی سی سینٹرل گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کو اعلیٰ پیمانے پر منعقد کرکے مقامی ٹیموں کو کھیل کے بھرپورمواقع فراہم کریں گے۔ ٹورنامنٹ کونہ صرف اعلیٰ پیمانے پر منعقد کریں گے بلکہ اسے ہر سال منعقد کرنے کے بھی اقدامات کریں گے۔ان خیالات کا اظہار وسیم الدین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسینٹرل نے اپنے آفس میںگولڈ میڈلسٹ سیکریٹری سینٹرل سلیم پٹنی ، ڈی ایف اے سینٹرل کی قیادت میں آئے ہوئے نائب صدر محمد شمیم، اراکین مجلس عاملہ عبدالکریم، محمد قاسم، لالا اورنگزیب، شیخ اکبر پرمشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکریٹری سینٹرل سلیم پٹنی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سینٹرل کی توجہ سینٹرل میں گراؤنڈز کی زبوں حالی اورمتعد گراؤنڈز پر لگنے والے والے سہولت بازاروں کی جانب مرکوز کرائی۔ جس کی وجہ سے فٹبال ایونٹ کو منعقد کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سینٹرل نے سلیم پٹنی کی درخواست کو انتہائی توجہ کے ساتھ سنا اور فوری طور پر متعلقہ اتھارٹی سے جواب طلبی کے احکامات صادر فرمائے۔ سیکریٹری سینٹرل نے یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ ٹورنامنٹ کو اعلیٰ پیمانے پر منعقد کرنے کیلئے ڈی ایف اے سینٹرل کے جملہ عہدیداران و ممبران اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاکراسے ایک مثالی ٹورنامنٹ میں تبدیل کریں گے تاکہ ڈی ایف اے سینٹرل کی منتخب باڈی پر جو اظہار اعتماد کیا گیا ہے اسے ہر صورت برقرار رکھا جاسکے۔ سیکریٹری سینٹرل نے ٹورنامنٹ کے انعقاد سے متعلق بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے 16ٹاپ کلبوں کو شریک ڈراز کیا جائے گا۔ ناک آؤٹ پر ہونے والے ٹورنامنٹ کے تمام مقابلے سکسٹین اسٹار فٹبال گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا پر کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ کے انعقاد کو فروری کے پہلے ہفتہ میں یقینی بنایا جائے گا۔

error: Content is protected !!