ظہیر عباس مسلسل دوسری بار پشاور زلمی کے صدر مقرر

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اور پی ایس ایل سیزن ٹو کی چیمپیئن پشاور زلمی نے مسلسل دوسرے سال ایشین بریڈ مین اور پاکستان کے سابق کپتان ظہیر عباس کو اپنا صدر مقرر کیا ہے جبکہ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ ظہیر عباس دنیائے کرکٹ کا ایک بڑا اور معتبر نام ہے ، پشاور زلمی کا ظہیر عباس سے منسلک رہنا ہماری پوری ٹیم کے لیے باعث اعزاز ہے۔پوری امید ہے کہ پی ایس ایل تھری کی طرح سیزن فور میں بھی ٹیم پشاور زلمی ظہیر عباس کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور مزید اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے گی۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور ہیڈ کوچ محمد اکرم نے بھی ظہیر عباس کو ایک بار پھر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹیم اور کھلاڑیوں ایشین بریڈ مین کی موجودگی سے مزید اعتماد ملے گا۔ سابق کپتان ظہیر عباس فرسٹ کلاس کرکٹ میں سینچریوں کی سینچریاں بنانے والے پاکستان کے واحد کرکٹر ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں 5062اور ون ڈے کرکٹ میں 2572رنز بنانے والے ظہیر عباس کو آئی سی سی کی صدارت کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

error: Content is protected !!