بیس بال فائیو کا نمائشی میچ پاکستان گرین بمقابلہ پاکستان ریڈ

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کی ہدایت پر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے پاکستان میں بیس بال کا نیا سٹائل متعارف کروادیا جوکہ بیس بال فائیو کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ بیس بال فائیو کا پہلا نمائشی میچ 5 فروری کو بحریہ ٹائون میں کھیلا گیا ۔
شیخ مظہر احمد سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈریشن بیس بال کے مطابق پاکستان گرین اور پاکستان ریڈ کے درمیان بیس بال 5 کا نمائشی میچ کھیلا گیا ۔ میچ 5اننگز پر مشتمل تھا۔ مختلف سکولوں جن میں گورنمنٹ ہائی سکول مراکہ، بیکن ہائوس سکول بحریہ، الائیڈ سکول دیپالپور اور نیشنل بیس بال اکیڈمی کے کھلاڑیوں پر مشتمل ہر ٹیم میں 8کھلاڑی تھے جن میں 5ریگولر اور 3ریزرو پلیئر تھے۔


پاکستان گرین نے پاکستان ریڈ کو 6 کے مقابلے میں 8 رن سے شکست دی۔ پاکستان گرین کے لئے سید محمد شاہ اور جہاداللہ نے 2رن، واحد ، عاشر عظیم ، محمد اویس اور مزمل خلیل نے ایک ایک رن سکورکیا۔ جبکہ پاکستان ریڈ کی جانب سے نورالامین نے 2رن اور ذیشان ، سید محب ، عزیز الرحمن اور محمد حسین نے ایک ایک رن بنا کر اپنا حصہ ڈالا۔


میچ سے قبل مہمان خصوصی سید فخر علی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بیس بال فائیو کے قوانین و ضوابط بتائے ۔ بیس بال فائیو انڈور اور آئوٹ ڈور میں کھیلی جاتی ہے۔ اس کے کھیلنے کے لئے نہ تو بیس بال کی طرح بڑے گرائونڈ کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی بیس بال کے سامان کی سوائے ایک بیس بال فائیو کی بال کے۔ مہمان خصوصی سید فخر علی شاہ نے خود بھی میچ کی آخری اننگز میں پاکستان گرین کی جانب سے حصہ لیا ۔

error: Content is protected !!