کرکٹ سٹائل یا کارکردگی۔۔۔!

پاکستان سپر لیگ فور کے سنسنی خیز مقابلے شروع ہونے میں اب کچھ ہی دن باقی ہیں،ٹیمیں دبئی پہنچنا شروع ہو گئی ہیں، کھلاڑیوں نے اپنے اپنے طور پر تیاریاں بھی کرلیں شائقین بھی جاندار مقابلوں کو دیکھنے کیلئے بے تاب اور بے چین ہیں،مختلف خبریں اور تبصرے بھی سامنے آرہے ہیں، مگر سب سے دلچسپ خبر جس کا ذکر قارئین کیلئے کرنا چاہتا ہوں وہ واقعی دلچسپی سے بھرپور ہے، خبر کچھ اس طرح ہے کہ تقریباً ایک سال کے وقفے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے بائولر رومان رئیس فٹنس مسائل سے چھٹکارا پانے کے بعد دوبارہ میدان میں آنے کیلئے تیار ہیں کراچی میں پریکٹس بھی شروع کر رکھی ہے جب ان سے میڈیا سے پوچھا کہ اب آپ مکمل فٹ ہیں تو ان کا جواب ہاں میں تھا اس کے بعد اگلا سوال کیا گیا کہ پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن شروع ہونے کو ہے اس کیلئے آپ کی تیاری کیسی ہے؟ان کا جواب اگر جواب آف دی ایئر قرار دیدیا جائے تو مناسب ہوگا، موصوف کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فور کیلئے نیا ہیئر سٹائل اپنا لیا ہے امید ہے شائقین کو پسند ہے۔۔یہ ہیں ہمارے قومی کرکٹر ۔۔کیا خوبصورت جواب دیا ہے ۔۔اگر یہ جواب کوئی اداکار دے تو اس کیلئے تو مناسب ہے مگر کیا کرکٹر کی جانب سے یہ جواب بنتا تھا جو رومان رئیس نے دیا ہے، کیا شائقین کرکٹ میدان میں کرکٹرز کے ہیئر سٹائل دیکھنے کیلئے آتے ہیں یا ان کی کارکردگی۔۔حیرانگی ہے کہ ہمارے کرکٹر اس قدر غیر سنجیدہ سوچ کے مالک ہیں،رومان رئیس صاحب کو کوئی یہ بتائے کہ جناب شائقین کرکٹ سے اگر صرف آپ کی مراد لڑکیاں ہیں تو ممکن ہے کہ وہ ہیئرسٹائل کی جانب کوئی توجہ دیں مگر کرکٹ کے شائقین کا مسئلہ آپ کا ہیئر سٹائل نہیں بلکہ آپ کی کارکردگی ہے جسے وہ میدان میں دیکھنا چاہتے ہیں،آپ نے اگر پورے سال میں کرکٹ سے باہر رہ کر صرف ہیئرسٹائل ہی تبدیل کیا تو پھر آپ کی سوچ پر سوائے افسوس کے اور کچھ بھی نہیں کیا جاسکتا،رومان رئیس کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک اور ان کی ٹیم کے کوچ کو بھی اس غیر سنجیدہ جواب کا ضرور نوٹس لینا چاہئے کہ ان پر واضح کرنا چاہئے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کرکٹ کی فرنچائز ہے کوئی فلم پروڈکشن کا ادارہ نہیں جہاں آپ کے ہیئر سٹائل کی وجہ سے آپ کو ٹیم کی زینت بنایا جائے بلکہ ٹیم کو آپ کی بائولنگ کارکردگی درکار ہے اور میدان میں اگر آپ میدان میں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکتے تو سٹائل والے کرکٹر تو پہلے بھی بہت تھے جن میں ابھی صرف مجھے شعیب اختر کا ہی نام یاد آرہا ہے جتنے سٹائل انہوں نے مارے ہیں شاید ہی کسی کرکٹر نے مارے ہوں لیکن ان کا سٹائل سے بھرپور کرکٹ کیریئر ان کے سٹائلز کی ہی نذر ہو کر رہ گیا۔۔۔۔لہٓذا آپ سے بھی گزارش ہے کہ سٹائل وسٹائل کو چھوڑیں اور اپنی کرکٹ پر توجہ دیں ایک سال پہلے فٹنس کی وجہ سے ضائع ہو گیا ہے کہیں ایک سال سٹائل میں ضائع نہ ہو جائے، وقت ہوا تو میری بات پر غور ضرور کیجئے گا۔۔

error: Content is protected !!