پاکستان سپر لیگ فور،پولارڈ نے ملتان سلطانز کے خواب چکنا چور کر ڈالے

دبئی (عبدالرحمان رضا سے)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ اور عمر امین کی نصف سنچریوں کی بدولت ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ملتان سلطانز کی جانب سے عمر صدیق اور جیمز وینس نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کیا۔عمر صدیق 18 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی گیند پر 38 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو جیمز وینس نے جانسن چارلس کے ہمراہ 76 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔جانسن چارلس برق رفتار 57 رنز بنانے کے بعد ڈاسن کی گیند پر 114 کے مجموعے پر بولڈ ہوگئے، اس کے بعد 122 کے مجموعے پر جیمز وینس 41 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔یہاں ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ملتان سلطانز کے رنز کی رفتار میں کمی آئی گی، تاہم کپتان شعیب ملک نے ایسا نہیں ہونے دیا۔شعیب ملک کے ناقابلِ شکست 28 اور ڈینیئل کرسچن کے 18 رنز کی بدولت ملتان سلطانز 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

ہدف کے تعاقب میں آندرے فلیچر اور امام الحق نے 34 رنز کا آغاز تو فراہم کیا تاہم 24 رنز بنانے کے بعد فلیچر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کامران اکمل ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور 35 کے مجموعے پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔امام الحق اور عمر امین نے 50 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی اور اسکور کو 85 تک پہنچایا جہاں امام الحق 39 رنز بنانے کے بعد شاہد آفریدی کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کیرون پولارڈ نے عمر امین کے ساتھ ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔کیرون پولارڈ ایک مرتبہ پھر ملتان سلطانز کی جیت کے آڑے آتے ہوئے جنید خان کو 17ویں جبکہ ڈینیئل کرسچن کو 18 ویں اوور میں بالترتیب ایک اور 3 چھکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔کیرون پولارڈ نے 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 52 رنز بنائے جبکہ عمر امین نے 7 چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عرفان، شاہد آفریدی اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کے کیرون پولارڈ کو جارحانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ اسٹیج میں پہلے ہونے والے میچ میں پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔اس فتح کے ساتھ پشاور زلمی 8 پوائنٹس اور بہتر رن اوسط کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی۔

error: Content is protected !!