پاکستان سپر لیگ فور،کراچی میں ہونے والے میچوں کیلئے ٹریفک و سکیورٹی پلان جاری

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پی ایس ایل میچز کا سیکیورٹی اور ٹریفک پلان تیارکرلیا گیا۔جب کہ سیکیورٹی کے پیش نظر فل ڈریس ریہرسل بھی کی گئی ۔کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں سیکیورٹی سمیت دیگر اقدامات اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر پولیس و رینجرز کے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ 13 ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں 250 کمانڈو اور خواتین پولیس اہلکار بھی ہوں گی ۔اے آئی جی نے بتایا کہ سیکیورٹی کو 5 لئیرز میں تقسیم کیا گیا ہے اور مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم بنانے کے علاوہ مزید سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ کرکٹ شائقین کے لیے 4 چیکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں، شائقین کو اسٹیڈیم کے اندر کھانے پینے کی اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور میچ سے دو گھنٹے قبل گیٹ بند کردیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ مختلف مقامات پر پارکنگ کی جگہ بنائی گئی ہے جہاں سے شائقین کو اسٹیڈیم تک لانے کے لیے 500 شٹل چلائی جائیں گی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ عوام کو تھوڑے سے مسائل کا سامنا کرنا ہوگا، شائقین کرکٹ کے لیے پارکنگ یونیورسٹی روڈ پر 4 مقامات اور ڈالمیا روڈ پر غریب نواز پارک میں بنائی گئی ہے۔دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ میچ شروع ہونے سے 3 گھنٹے قبل اسٹیڈیم روڈ کے اطراف ٹریفک کو موڑ دیا جائے گا تاہم اسٹیڈیم روڈ پر واقع اسپتال جانے والی سڑک کو کھلا رکھا جائے گا۔ڈی آئی جی ٹریفک کا مزید کہنا ہے کہ کارساز سے اسٹیڈیم، ڈالمیا روڈ، حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم والا ٹریک بھی بند رہیگا۔

error: Content is protected !!