اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے وفاقی وزیر برائے کھیل فہمیدہ مرزا سے اُ ن کے چیمبر میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے فنانس سیکرٹری طاہر محمود اور لیگل ایڈوائزر فخر امیر کاظمی بھی موجود تھے ۔سید فخر علی شاہ نے وفاقی وزیر کو بیس بال کی ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال پاکستان نے چار انٹر نیشنل بیس بال ایونٹس میں شرکت کرنی ہے ۔ جن میں ویسٹ ایشیا کپ (سری لنکا) ، انڈر15ایشین بیس بال چیمپئن شپ (چائنا)، ویمن ایشین بیس بال چیمپئن شپ (چائنا) اور ایشین بیس بال چیمپئن شپ (تائیوان) شامل ہیں ۔سید فخر علی شاہ نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ان ٹورنامنٹس میں شرکت کے لئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کو ٹریننگ کیمپس کا انعقاد کرنا پڑے گا۔وفاقی وزیر برائے کھیل فہمیدہ مرزا نے فخر شاہ کو بیس بال فیڈریشن آف ایشیا کا ممبر ایٹ لارج بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان سپورٹس بورڈکے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال اسلام آباد میں کیمپ لگا سکتی ہے ۔بیگم فہمیدہ مرزا سے ملاقات سے پہلے سید فخر علی شاہ کی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ان کے چیمپبر میں ملاقات ہوئی۔ سید فخرعلی شاہ نے وفاقی وزیر کو کھیل کی ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہوتے ہیں اور ان کی بہترین کارکردگی کے لئے ٹریننگ کیمپس کا انعقاد ضروری ہے ۔ سید فخر علی شاہ نے وزیر صاحب کو بتایا کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیراہتمام نیشنل بیس بال اکیڈمی قائم کی گئی ہے جس میں فاٹا اور پاکستان کے مختلف علاقوں سے سلیکٹ کئے گئے بیس بال کے کھلاڑیوں کو مفت تربیت، تعلیم ، رہائش ، کھانا وغیرہ فراہم کیا جارہا ہے ۔ نور الحق قادری صاحب نے فاٹا میں بیس بال کے لئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں اور بالخصوص فاٹا میں بیس بال کی ڈیویلپمنٹ کے لئے ہر ممکن کھلاڑیوں کی مدد اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔
سید فخر علی شاہ نے نورالحق قادری صاحب سے کھیلوں کے حوالے سے کیبنٹ میں اس معاملے کو اٹھانے کی درخواست کی۔اس کے علاوہ سید فخر علی شاہ کی فاٹا کے خیبر ایجنسی سے ایم این اے اقبال آفریدی سے بھی ملاقات ہوئی اور ان کے ساتھ فاٹا میں بیس بال کی ترقی اور کھلاڑیوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ اقبال آفریدی صاحب نے فخر شاہ کو فاٹا میں بیس بال کے لئے اپنے بھرپور تعاو ن کا یقین دلایا۔