کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیشنل اسٹیڈیم میں پہنچ کر پاکستان سپر لیگ کے آج کھیلے جانے والے آخری مقابلے کے انتظامات کا خود جائزہ لیا۔نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کے لیے خوشی کی بات ہے کہ وہ 7میچ پہلے دیکھ چکے ہیں اور خوشی ہے کہ آج پی ایس ایل کا دوسرا فائنل کراچی میں کھیلا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی فائنل دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آئیں گے جب کہ آئی سی سی کے چیف ایگز ایکٹیو بھی اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ امید ہے جلد بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آئیں گی اور یقینی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو کو تمام حالات سے آگاہ کرے گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ٹیموں کو سپورٹ کر رہے ہیں۔