قومی سنوکر چیمپئن شپ کا آغاز کل بدھ سے ہوگا

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)جوبلی انشورنس قومی اسنوکر چیمپئن شپ کا آغاز کل بدھ سے کراچی جیم خانہ میں ہو رہا۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور جوبلی انشورنس کے تعاون سے ہونے والی چیمپئن شپ کے دفاعی چیمپئن محمد آصف ہیں جبکہ ایونٹ میں ملک بھر سے حصہ لینے والے 56کھلاڑیوں میں دو وائلڈ کارڈ انٹری بھی شامل ہیں۔چیمپئن شپ کا فاتح کھلاڑی رواں برس قطر میں شیڈول ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرے گا لیکن اس کی ایشین چیمپئن شپ میں شرکت دستیاب فنڈ سے منسوب ہوگی۔چیمپئن شپ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں طاہر احمد کا کہنا تھاکہ یہ ہمارے لئے اعزاز ہے کہ گیارہ سال سے نان اسٹاپ ایونٹس کرا رہے ہیں۔منور شیخ نے بتایا کہ30 مارچ تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں شامل کھلاڑیوں کو8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ سے دو کھلاڑی پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کریں گے۔کوالیفائنگ راونڈز بیسٹ آف سیون، پری کوارٹر فائنلز اور کوارٹر فائنلز بیسٹ آف نائن، سیمی فائنلز بیسٹ آف الیون جبکہ فائنل بیسٹ آف15 فریمز پر مشتمل ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ چیمپئن شپ کیلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ اور 72 ہزار روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے، فاتح کیوئسٹ کو 1 لاکھ، رنر اپ کو 50 ہزار، سیمی فائنلسٹ کو 20، 20 ہزار، کوارٹر فائنلسٹ کو 10، 10، پری کوارٹر فائنلسٹ کو 4، 4 ہزار اور ہائسٹ سنچری پلس بریک کھیلنے والے کیوئسٹ کو 10 ہزار روپے نقد انعام دیئے جائیں گے۔

error: Content is protected !!