سیف گیمزکی میزبانی،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا حکومت سے رابطہ

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے سیف گیمز کی میزبانی کیلئے حکومت سے رابطہ کر تے ہوئے آگاہ کر دیا ہے کہ حکومت کی جانب سے سیف گیمز کی میزبانی کیلئے گارنٹی لیٹر جاری نہ ہوا تو پاکستان سیف گیمز کی میزبانی سے محروم ہو جائیگا جبکہ سیف گیمز کے معاملے پر حکومت فوری اجلاس طلب کرے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کی جانب سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو لکھے گئے خط میں پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے موقف اختیار کیا کہ ساوتھ ایشیا اولمپک کونسل کا اجلاس رواں سال منعقد ہونا ہے جس میں 14ویں سیف گیمز کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان کو الاٹ کرنے کی منظوری دی جانی ہے تاہم اس منظوری کیلئے پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کو حکومت کی جانب سے سیف گیمز کی میزبانی کیلئے گارنٹی لیٹر درکار ہے ، سیف گیمز کا انعقاد پاکستان میں ضرور ہونا چاہیے اور اگر حکومت کی جانب سے گارنٹی لیٹر جاری نہ ہوا تو پاکستان سے سیف گیمز کی میزبانی چھن جائے گی، خط میں کہا گیا کہ حکومت کی گارنٹی کو پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن ساوتھ ایشیا اولمپک کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی لہذا سیف گیمز کے معاملے پر حکومت تمام فریقین کا فوری اجلاس بلایا جائے، واضح رہے کہ پاکستان سیف گیمز کی 1989 اور 2004میں میزبانی کر چکا ہے جبکہ سیف گیمز میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال، افغانستان اور مالدیپ کے ممالک حصہ لیتے ہیں۔

error: Content is protected !!