72ویں پنجاب گیمز 2019ء کے’’ لوگو‘‘ کی رونمائی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام 3 سے 6 اپریل تک منعقد ہونے والی 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کے’’ لوگو‘‘ کی رونمائی جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے کی، اس موقع پرڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک انیس شیخ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، چیف کنسلٹنٹ ایس بی پی شاہد فقیر ورک اورڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ پنجاب گیمز طویل وقفے کے بعد منعقد کررہے ہیں، 8 سال کے وقفہ سے بہت سی چیزیں تبدیل ہوچکی ہیں، پنجاب گیمز کو جدید انداز میں منعقد کررہے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کی دلچسپی بڑھے، 72 ویں پنجاب گیمز 2019ء کا انعقاد سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن مل کررہے ہیں ،72 ویںپنجاب گیمز 2019کے انعقاد سے پنجاب میں سپورٹس کی بحالی ہوگی اور نوجوانوں میں سپورٹس فروغ پائے گا، نئے کھلاڑیوں کو بھرپور موقع فراہم کررہے ہیں کہ وہ 72 ویںپنجاب گیمز 2019ء میں اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کرسکیں

30کھیلوں کے ڈراز کل جمعہ کے روز سب کے سامنے ہوں گے، 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کا آفیشل پارٹنر بنک آف پنجاب ہے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے72ویںپنجاب گیمز 2019 میں سپیشل چلڈرن کے لئے 2 ایونٹس رکھے گئے ہیں، سپیشل چلڈرن کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے، ابوظہبی میں جاری سپیشل اولمپک ورلڈ سمر گیمز میں پاکستان کے سپیشل کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، اب تک 62 میڈلز جیت چکے ہیں ، سپورٹس بورڈ پنجاب نے سپیشل چلڈرن سے سپیشل اولمپک ورلڈ سمر گیمز کی تیاری کے لیے مکمل تعاون کیا، پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس، پنجاب سٹیڈیم اور جمنیزیم ہال میں پریکٹس کرنے کی سہولت فراہم کی جس کی وجہ سے سپیشل کھلاڑیوں کی کارکردگی بہترہوئی ہے

انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل چلڈرن کی واپسی پر ان کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد کریں گے اور انعامات بھی دیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ پنجاب گیمز کے بعد رمضان المبارک میں نائٹ کرکٹ اور اس کے بعد سپورٹس کیلنڈر کے مطابق ایونٹس منعقد کریں گے۔پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا ہے کہ پنجاب گیمز کی 8 سال بعد بحالی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا بہت بڑا کارنامہ ہے، پنجاب گیمز سے نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے، پنجاب کے کھلاڑی بھی ڈی جی سپورٹس پنجاب کے شکرگزار ہیں کہ صحت مند سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔

error: Content is protected !!