رائزنگ اسٹار ٹرافی’ہنسوٹ اور ایئرپورٹ اسٹار کی اگلے مرحلہ میں سیٹ کنفرم

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ہنسوٹ جیم خانہ نے سندھ رانا کو 4وکٹوں سے شکست دے کر رائزنگ اسٹار ٹرافی کے اگلے مرحلہ میں نشست کنفرم کرلی۔ سعید الرحمن نے نصف سنچری اسکورکی۔ حمزہ مغل کی آل راؤنڈ کارکردگی’عمیر رزاق کے 32رنز ‘ طاہر نقاش اور بابر بدر کی 3,3وکٹیں رائیگاں۔ ایئرپورٹ اسٹار نے ملیر اسپورٹس کیخلاف 46رنز کی فتح اپنے نام کی۔ عابد علی کی نصف سنچری’ اسد شاہ کی آل راؤنڈ کارکردگی’ محمد کاشف اور نیاز محمد کی نصف سنچریاں ان کی ٹیم کے کام نہ آسکیں۔ حمزہ مغل اور عابد علی کو بالترتیب ایس ایم عاصم اور اسمٰعیل نے بائیو ریکس فارماسیوٹیکل مین آف دی میچ کیش ایوارڈ دیا۔رائزنگ اسٹار سی سی ، کے سی سی اے زون 4کے زیر اہتمام جاری ایونٹ میںمعراج گراؤنڈ پر سندھ رانا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 25اوورز کے اختتام پر 145رنز پر پویلین کی راہ لی۔ عمیر رزاق 32رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔ خالد الرحمن نے 27، شاہزیب خان نے 25رنز کی باری کھیلی۔ عباس انور، شیخ محمود اور حمزہ مغل نے 2,2وکٹوں پر اکتفا کیا۔ ہنسوٹ جیم خانہ کو مطلوبہ ہدف کے حصول کیلئے 21اوورز کا سامنا کرنا پڑا اور 6وکٹوں پر 146رنز جوڑ لئے گئے۔ سعید الرحمن نے 54رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی ۔حمزہ مغل نے 37اور تنیم خان نے 21رنز بنائے ۔ طاہر نقاش اور بابر بدر نے 3,3کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ متین شیخ اور دانش حسین ایمپائرز اور آفیشل اسکورر وسیم تھے۔ اسٹیل ٹاؤن گراؤنڈ پر ایئرپورٹ اسٹار کو پہلے بیٹنگ کا موقع ملا اور مقررہ 35اوورز میں 259رنز سمیٹے۔ عابد علی نے 65رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، اسد شاہ 47، طالبع حسین 35اور طاہر خان نے 25رنز اسکور کئے۔ ظہیر خان، عمر فاروق، فقیر حسین ، محمد علی اور محمد فرہاد نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ ملیر اسپورٹس کی جوابی اننگز 213رنز پر سمٹ گئی۔ محمد کاشف نے 56اور نیاز محمد نے 53رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔ محمد جاوید 27اور محمد اشرف نے 18رنز کی اننگز کھیلی۔ اسد شاہ نے 45رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ طالب حسین اور عابد علی نے 2,2کھلاڑیوںکو نشانہ بنایا۔واصف جمال اور محمد اسلم نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دئے۔

error: Content is protected !!