پنجاب گیمز کے 8 سال بعد انعقاد کیساتھ ہم پنجاب میں کھیلوں کے نئے دور کا آغاز کررہے ہیں، وزیر کھیل رائے تیمورخان بھٹی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے کہا ہے کہ 8 سال بعد پنجاب گیمز کے انعقاد کے ساتھ ہم پنجاب میں کھیلوں کے نئے دور کا آغاز کررہے ہیں، پنجاب گیمز کی تاریخ ڈیڑھ سو سال پرانی ہے، اس روایت کو دوبارہ شروع کررہے ہیں، 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کی افتتاحی تقریب 3 اپریل بروز بدھ کو پنجاب سٹیدیم میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور ہوں گے، یہ گیمز 6 اپریل تک جاری رہیں گی، 72 ویں پنجاب گیمز2019ء میں 3 ہزار سے زائدکھلاڑی اور ٹیکنیکل آفیشلز حصہ لے رہے ہیں، 30 کھیلوں کے 158 مقابلے ہوں گے، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وفود بھی اظہار یکجہتی کے لئے شرکت کررہے ہیں، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے کہا ہے کہ دسمبر تک کا سپورٹس کیلنڈر مرتب کرلیا گیا ہے، ہرماہ ڈویژن کی سطح پر ایک ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ تمام ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں، فاضل کھلاڑی بھی رکھے گئے ہیں تاکہ کسی بھی صورتحال میں متبادل کھلاڑی ٹیم میں شامل کئے جاسکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ 72 ویں پنجاب گیمز 2019ء کے انعقاد کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ایک پیج پر ہیں، 72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں 30کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جن میں مردوں کی 21، خواتین کی 7اور سپیشل چلڈرن کی 2گیمز شامل ہیں، اس میں کل 1030میڈلز رکھے گئے ہیں جو کامیاب کھلاڑیوں میں تقسیم کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کے لئے ٹرائلز میں پنجاب کی 9ڈویژنز سے 15ہزار سے زائد مردوخواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا ، کھلاڑیوں کو میرٹ پر منتخب کیا گیا ہے، پنجاب گیمز میں 3ہزار سے زائد کھلاڑی اور ٹیکنیکل آفیشلز حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ حال ہی میں ابوظہبی میں منعقد ہونے والی سپیشل اولمپک ورلڈ سمر گیمز 2019ء میں پاکستانی دستہ نے 66میڈلز جیتے، اس میں حصہ لینے والے پنجاب کے کھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کیلئے افتتاحی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے جس میں ان کو سوینئرز دیئے جائیں گے، اس کے علاوہ خواجہ سرائوں کوبھی تاریخ میں پہلی بار سپورٹس ایونٹ میں شامل کیا گیا ہے، 72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں خواجہ سرائوں کے 3ایونٹ رکھے گئے ہیں جن میں بوری ریس، چاٹی ریس اور رسہ کشی کے مقابلے شامل ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ خواجہ سرا بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں اس لئے ان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔


صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ 6اپریل کا دن ’’سپورٹس ڈے برائے امن و ترقی‘‘ کے طور پر مناتی ہے اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے 6اپریل کو اختتامی تقریب میں اقوام متحدہ کا ’’سپورٹس ڈے برائے امن و ترقی‘‘منایا جائیگا اس موقع پر کھلاڑی سفید کارڈ امن کے نشان کے طور پر لہرائیں گے، جس سے دنیاکو پیغام جائے گا کہ پاکستان امن پسند اور سپورٹس سے محبت کرنے والی قوم ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کے لئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 10بستروں کا عارضی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں کھلاڑیوں کو فوری طور پر طبی امداد مہیا کی جاسکے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ پنجاب گیمز کی تاریخ ڈیڑھ سو سال پرانی ہے، اس روایت کو دوبارہ شروع کررہے ہیں ، ہم پرامید ہیں کہ 72ویں پنجاب گیمز کے انعقاد سے پنجاب میں کھیلوں کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے دسمبر تک سپورٹس کیلنڈر تشکیل دیدیا ہے، ہر ماہ ڈویژن کی سطح پر ایک ٹورنامنٹ منعقد کیا جا رہا ہے، سپورٹس کیلنڈر پر عملدرآمد سے سپورٹس کی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں، 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کا انعقاد سپورٹس کیلئے نئی صبح کا آغاز ہے، کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔


ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کو یادگار بنانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں جس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، تمام گیمز کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، 72ویں پنجاب گیمز کا ا نعقادگیمز چینجر ثابت ہوگا، کھلاڑیوں کی سپورٹس میں دلچسپی بڑھے گی اور پنجاب میں سپورٹس کا کلچر فروغ پائے گا۔

error: Content is protected !!