کراچی کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے کوشاں اور پُرعزم ہوں‘ اعجاز فاروقی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کراچی کی کلب کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے کوشاں اورپُرعزم ہیں۔ کراچی کرکٹ کو فروغ دینے کا مشن جاری رہے گا۔میری کوشش ہے کے کراچی کی کرکٹ پروان چڑھے ان خیالات کا اظہار پروفیسر اعجاز فاروقی سابق صدر کے سی سی اے نے ناظم آباد جیمخانہ گراونڈ پر کے سی سی اے زون سات بی ڈویژن لیگ کی افتتاحی تقریب اور ناظم آباد جیمخانہ کی کے سی سی اے زون VII’بی‘ ڈویژن لیگ اور پی سی بی کے تحت منعقدہ فضل محمود کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے پر تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے زون VIIکے عہدیداران کو کرکٹ کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر مبارکباد پیش کی اور ناظم آباد جیمخانہ کی غیر معمولی کارکردگی کو بھی سراہا۔جمیل احمد سابق جوائنٹ سیکریٹری کے سی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی کرکٹ زبوں حالی کا شکار ہے عہدیداران کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی انہوں نے کہا کہ کراچی کرکٹ کو مکمل تباہ نہیں ہونے دیں گے چند مفاد پرست عناصر نے کراچی کرکٹ کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس اے فہیم سابق ممبر کے سی سی اے کونسل اور روح رواں کے سی سی اے زون VII نے کہا کہ ہم نے زون VII کو مثالی زون بنا دیا ہے ہماری کوشش ہے کہ زون VIIکی کلب کرکٹ کوحد درجہ فروغ دیا جائے تاکہ نئے کھلا ڑی اُبھر کر سامنے آسکیں تقریب میںمحمد توصیف صدیقی، اعظم خان، محمد رئیس، جاوید خان، مسرت رضا، شہزاد عالم، محمد یامین، مظہر اعوان، ریحان صدیقی، سعید جبار، ندیم خان، زین العابدین، امجد علی، عارف وحید، ڈاکٹر عارف حفیظ، چودھری ساجد، وسیم علوی، جاوید اقبال ودیگر بھی موجود تھے نظامت کے فرائض شاہد نواب نے انجام دئے قبل ازیں کھیلے گئے میچ میںاورینٹل سی سی نے پیراماؤنٹ سی سی کو 50رنز سے ناکام کیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے فیاض نے 60رنز کی اننگز کھیلی جو 4چوکوں اور2چھکوں پر مشتمل تھی۔نعیم گل نے 15، ریاض نے 11اور احمد نے 10رنز میں ایک ایک چوکا لگایا۔عبداﷲاور نوفل طارق کے ہاتھ 2,2وکٹ لگے۔ پیراماؤنٹ سی سی کی اننگز مقررہ اوورز میں 7وکٹ پر 107رنز تک محدود رہی۔ عثمان 29اور اظہر 15رنز 2,2چوکوں کی مدد سے بنانے میں کامیاب رہے۔ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ ذاکر نے 11رنز پر 2وکٹ اپنے نام کیں۔ ایمپائرز افضال ظہیر اور ناصر قریشی جبکہ طارق خان آفیشل اسکورر تھے۔

error: Content is protected !!