72ویں پنجاب گیمز 2019ء ،سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام آگاہی واک

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے 3سے 6اپریل تک منعقد ہونے والی 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کی آگاہی کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام منگل کے روز واک کا اہتمام کیا گیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے واک کی قیادت کی، واک میں 72ویں پنجاب گیمز2019ء کے ایمبیسیڈر ہاکی اولمپیئن ریحان بٹ،پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ ،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان،ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہوراحمد،چیف کنسلٹنٹ ایس بی پی شاہد فقیر ورک، سپورٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندوں، کھلاڑیوں ، خواتین ، بوڑھوں اور نوجوانوںنے بھی شرکت کی، واک سپورٹس بورڈ پنجاب سے شروع ہوئی اور لبرٹی چوک سے ہوتی ہوئی واپس سپورٹس بورڈ پنجاب پر اختتام پذیر ہوئی، واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کھیلتا پنجاب، صحت مند پنجاب، sports for peace, where champions are born,و دیگر نعرے درج تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ پنجاب گیمز 8سال بعد منعقد کی جارہی ہیں پنجاب گیمز کی تاریخ ڈیڑھ سوسال پرانی ہے اور یہ قیام پاکستان سے قبل سے منعقد ہورہی تھیں مگر بدقسمتی سے گزشتہ 8 سال سے یہ سلسلہ روکا ہوا تھاجس سے کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہوا ہے، یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ہم اس تاریخی ایونٹ کو بحال کررہے ہیں ، 72ویں پنجاب گیمز 2019کے تمام انتظامات مکمل ہیں، یہ ایونٹ سپورٹس کے لئے گیمز چینجر ثابت ہوگا، انہوں نے مزید کہا ہے کہ نوجوانوں کو کرکٹ کے علاوہ کوئی بڑا پلیٹ فارم میسر نہیں تھا جس پر وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں،72ویں پنجاب گیمز 2019ء کی صورت میں دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو بہترین پلیٹ فارم فراہم کردیا ہے جس پر وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔

واک میں ہرشعبہ زندگی کے افراد نے حصہ لیا ہے جس سے عوام میں سپورٹس کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی ہوگی۔ 72ویں پنجاب گیمز 2019ء کے ایمبیسیڈر ہاکی اولمپیئن ریحان بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب گیمز کی بحالی سپورٹس بورڈ پنجاب کا تاریخی اقدام ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا یہ اقدام تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائیگا، 72 ویں پنجاب گیمز 2019ء کے انعقاد پر کھلاڑی بہت پرجُوش ہیں کہ انہیں پنجاب کی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل رہا ہے، ہم سب کو مل کر سپورٹس کو فروغ دینا ہوگا۔

error: Content is protected !!