راجن پور میں بیلوں کی دوڑ کا مقابلہ

راجن پور(سپورٹس لنک رپورٹ) راجن پور میں صحت مند بیلوں کے درمیاں دوڑ کا مقابلہ ہوا جس میں بیلوں کے سا تھ سواروں نے بھی خوب زور لگایا، کوئی جیتا تو کسی کو منہ کی کھانی پڑی۔ "بھولا” نامی بیل نےمٹھو کو ہرا کر میدان مار لیا، شائقین نے ڈھول اور بین کی آواز پر بھنگڑے ڈالے۔راجن پور کے نواحی علاقے آسنی میں پنجاب بھر کے مختلف حصوں سے لائے گئے مختلف نسلوں کے صحت مند بیلوں کے درمیان دوڑ کا مقابلہ ہوا جس میں 25 جوڑوں پر مشتمل 50 بیلوں نے حصہ لیا۔دوڑ مقابلہ جوڑیوں کی شکل میں ہوا، اس دلچسپ بیل دوڑ کو دیکھنے کے لیے گردونواح سے آئے سینکڑوں شائقین نے ثقافتی کھیل سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ خوب داد بھی دی۔ بیل دوڑ میں بھولا، رستم، میٹھا، سنگھارا، پرواز اور بادل نے خوب جان لگائی۔ پرواز اور ملنگا نامی بیل کے علاوہ فائنل میں بھولا بیل ایسا دوڑا کہ مٹھو بیل کو منہ کی کھانی پڑی اور بھولا نے میلہ لوٹ لیا۔جیت کی خوشی میں شائقین نے ڈھول اور بین کی آواز پر بھنگڑا ڈال کر اپنی خوشی کا اظہار کیا، بیل دوڑ میں جیتنے والے مالکان نے بتایا کہ وہ اپنے بیلوں کو اس دوڑ کے لیے تیار کرنے میں بہت محنت کرتے ہیں جن میں بیلوں کی خوراک کا خا ص طور خیال رکھتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ ان کا ثقافتی کھیل ہے اوردوڑ جیتنے کی خوشی عید سے کم نہیں ہوتی، اس دوڑ میں جیتنے والے بیل کی قیمت بھی دگنی ہو جاتی ہے۔

error: Content is protected !!