ملیر جیم خانہ کی سیمی فائنل میں نشست کنفرم‘ اعظم اسپورٹس کو 7وکٹوں سے شکست

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ملیر جیم خانہ کی پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے پہلے کوارٹر فائنل میں اعظم اسپورٹس کو 7وکٹوں کی ہزیمت سے دوچار کرکے رائزنگ اسٹار انوی ٹیشن ٹرافی کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ 125رنز کا ہدف 3وکٹوں پر حاصل کیا۔ عاریز کمال نے 32رنز اور 2وکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی کابائیوریکس فارماسیوٹیکل کیش ایوارڈ اسپورٹس آرگنائزر امجد علی سے وصول کیا ۔آخری پری کوارٹر فائنل میں ماڈل سی سی نے ایئرپورٹ اسٹار کو 7وکٹوں کی کاری ضرب لگا کر کوارٹر فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ بنالیا۔ آصف خان نے 86رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم بائیوریکس فارماسیوٹیکل مین آف دی میچ کا کیش ایوارڈ نجیب میمن نے اسپورٹس آرگنائزر فصیح اﷲ سے وصول کیا ۔ نجیب اﷲ نے شاندار بولنگ کی او 36رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کومیدان بدر کیا۔آر ایل سی اے گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میںاعظم اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کی اور 31اوورز میں تمام وکٹوں پر 125رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ محمد بلال 33، راجہ عمر 22رنز کے ساتھ نمایاں اننگز کھیلی۔عاریز کمال نے 12،کہف پٹیل نے 21رنز اور روہیب احمد خان نے 24رنز کے عوض 2,2وکٹیں اپنے نام کیں۔ ملیر جیم خانہ نے 19ویں اوورز میں مطلوبہ ہدف کو 3وکٹ کھوکر 129رنز اسکور بورڈ پر لگائے۔ دانیال احسن 33، عاریز کمال 32اور محمد وقاص نے 28رنز کی قابل زکر اننگز کھیلی۔ جاوید رمضان نے 15رنز پر 2مہرے کھسکائے۔اسٹیل ٹاؤن گراؤنڈ پر ایئرپورٹ اسٹار نے مقررہ اوورز میں 190رنز 9وکٹوں پر حاصل کیے۔ محمد شاہد نے 30، طالب حسین نے 34،عابدعلی 23رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ لیفٹ آرم لیگ اسپنر نجیب میمن نے 36رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ارمضان شکور کو 13رنز پر 2وکٹ ملے۔ ماڈل سی سی نے جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف کو 3وکٹوں پر 193رنز بنا کر حاصل کرلئے۔ آصف خان نے 8چوکوں اور2چھکوں کی مدد سے 86رنز رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی ۔سلیمان غنی بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے ۔دورا ن اننگز انہوں نے 6باؤنڈریز لگائیں۔محمد عمران نے 22نز اسکور کئے۔ اسدخان ،اسمٰعیل اور شاہد نے ایک ایک کھلاڑی کو نشانہ بنایا۔

error: Content is protected !!