سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت ڈویژن کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا دوسرا مرحلہ شروع

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت ڈویژن کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، دوسرے مرحلہ میں 9ڈویژنز سے انڈر 16 مردوخواتین کھلاڑی 24کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے ایک اور موقع فراہم کردیا ہے، نوجوان اپنی صلاحیتوں کا کھُل کر اظہار کریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں، ڈویژن سطح کے مقابلوں میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، تمام ٹیموں کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔ ڈویژن سطح پر ہونے والے 24 کھیلوں کے مقابلوں سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے ، کامیاب کھلاڑیوں کو پنجاب کی سطح پر کھیلنے کا بھی موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے مکمل ہونے پر کھلاڑی کی نئی کھیپ تیار ہوگی جس سے سپورٹس کلچر پروان چڑھے گا اور ہمارے گرائونڈز آباد ہوں گے۔
اتوار کے روز مختلف مقامات پر ڈویژن کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا، لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں کرکٹ (گرلز) کے میچز ہوئے، پہلے میچ میں لاہور ڈویژن نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو10وکٹوں سے شکست دیدی، ڈیرہ غازی خان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 10اوورز میں 69رنز بنائے، لاہور کی لامیہ خان نے 7رنز دیکر 2وکٹیں حاصل کیں، لاہور کی حلیمہ نے 10گیندوں پر 33رنز بنائے ، لاہور ڈویژن نے میچ 10وکٹوں سے جیت لیا، دوسرے میچ میں ملتان ڈویژن نے سرگودھا ڈویژن کو42 رنز سے شکست دیدی، ملتان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 10اوورز میں 106رنز بنائے جس کے جواب میں سرگودھا کی ٹیم ہدف تک نہ پہنچ سکی اور ملتان ڈویژن نے میچ 42رنز سے جیت لیا،ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی میچ کے مہمان خصوصی تھے، کھلاڑیوں کا ان سے تعارف بھی کرایا گیا، اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم بھی موجود تھے، تیسرے میچ میں ساہیوال نے بہاولپور کو شکست دیدی، ساہیوال نے 49رنز کا ہدف 9ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
پنجاب یونیورسٹی میں کرکٹ (بوائز) کے میچز ہوئے، پہلے میچ میں لاہور ڈویژن نے گوجرانوالہ کو ہرادیا ، دوسرا میچ ساہیوال اور راولپنڈی ڈویژنز کے درمیان ہوا جس میںراولپنڈی نے ساہیوال کو11 شکست دیدی،پنجاب سٹیڈیم میں کبڈی کے میچ میں گوجرنوالہ نے لاہور کو 38-25سے شکست دیدی،تمام کھیلوں کے مقامات پر شائقین کی بڑی تعداد نے مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔ باکسنگ کے مقابلے رات تک جاری رہے۔

error: Content is protected !!