عالمی کپ سکواڈ میں عدم شمولیت پر وہاب ریاض مایوس

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے مسلسل شاندار کارکردگی کے باوجود ورلڈکپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں نام نہ آنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ کن وجوہات پر انہیں نظرانداز کیا جا رہا ہے۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں وہاب ریاض نے ورلڈکپ کےممکنہ کھلاڑیوں میں نام نہ آنے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلسل کارکردگی کے باوجود ان کا نام نہ آنا حیران کن ہے، وہ بہت پریشان ہیں اور ان کے پاس اب کھونے کو کچھ نہیں ہے کیونکہ جو کچھ تھا وہ سب لے لیا گیا یے۔تاہم انہوں نے امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑتے ہوئے کہا کہ مجھے اللہ پر یقین ہے، میں نے سخت محنت کی اور وہ رائیگاں نہیں جائےگی۔وہاب ریاض نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ 2سال قبل چیمپیئنز ٹرافی میں کھیلا تھا جبکہ آخری ٹیسٹ میچ بھی گزشتہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔33سالہ وہاب نے کہاکہ ہر کھلاڑی کا کارکردگی دکھانے کا مقصد پاکستان کی نمائندگی کرنا ہوتا ہے اور میری بھی یہی کوشش ہے کہ میں پاکستان کے لیے کھیلوں لیکن میں سمجھنے سے قاصر ہوں کہ کن وجوہات کی بنا پر مجھے نظرانداز کیا جارہا ہے۔فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ پاکستان کپ میں مشکلات کے باوجود سخت محنت کی، وہاں باؤلنگ کے لیے بہت جان لگانا پڑی لیکن میں نے اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے محنت سے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود میرا نام نہیں آیا۔فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میری قسمت میں ہوگا تو میں ضرور پاکستان کے لیے کھیلوں گا۔یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے وہاب ریاض مستقل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین فارم اور رفتار کے ساتھ باؤلنگ کر رہے ہیں۔حال ہی میں ختم ہونے والے پاکستان کپ میں بھی فاسٹ باؤلر نے شاندار کھیل پیش کیا اور بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹوں پر عماد بٹ کے ہماہ 10وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔تاہم وہاب اس لحاظ سے ممتاز رہے کہ ان کا اسٹرائیک ریت اور اوسط دونوں عماد سے بہتر تھی۔رواں سال پاکستان سپرلیگ میں بھی وہاب ریاض نے اپنی تیزترین باؤلنگ سے بلےبازوں کو بہت پریشان کیا اور 150 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ بھی کی۔پاکستان سپرلیگ میں وہاب ریاض نے 13 میچز میں 17 وکٹیں حاصل کیں اور اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہے۔وہاب ریاض مجموعی طور پر پی ایس ایل کے سب سے بہترین باؤلر بھی ہیں جنہوں نے لیگ کے چاروں سیزن میں مجموعی طور پر 45 میچز میں 65 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

error: Content is protected !!