وادی نیلم میں اسکیئرز کو ایک نئی جنت مل گئی

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) ملک بھرسے ا سکیئرزنے اڑنگ کیل، وادی نیلم کی پُر فریب فضاؤں میں منعقدہ سرمائی کھیلوںکے اسنواسپورٹس فیسٹیول میں شرکت کی ۔ ائیر کموڈور شاہد ندیم ، سیکریٹری ونٹرا سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ بریگیڈ کمانڈر کیل اورصدر آزاد جموں کشمیر ونٹرا سپورٹس ایسوسی ایشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس فیسٹیول میں کھلاڑیوں نے ا سکی مقابلوں کی انڈر 10، انڈر14اور انڈر 16 کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ اسکی مقابلوں کے علاوہ نوجوان کھلاڑیوں نے اسنو بورڈنگ اور آئس سکیٹنگ کے مقابلوں میں بھی شرکت کی۔آزاد جموں کشمیر ونٹرا سپورٹس ایسوسی ایشن نے ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کی مدد سے مقامی نوجوانوں کے لئے ایک تربیتی کیمپ کابھی انعقاد کیا ۔ ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے نہ صرف ان کو تکنیکی معاونت فراہم کی بلکہ ان کھیلوں کا سامان بھی مہیا کیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ دسمبر 2018میں نلتر کے مقام پر کھیلے جانے والے سعدیہ خان کپ میں کشمیر سے تین کھلاڑیوں نے شرکت کی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ونٹرا سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان ملک میں سرمائی کھیلوں کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لئے کشمیر اور خیبر پختونخواہ کی برف پوش پہاڑیوں پرنئی اسکی سلوپس تلاش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کیلئے رواں ماہ اس وادی میں ایک تربیتی کیمپ کا انعقادبھی کیا گیا تھا۔

error: Content is protected !!