رائزنگ اسٹار اور فیصل جیم خانہ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) رائزنگ اسٹار، کے سی سی اے زون IVکے زیر اہتمام جاری رائزنگ اسٹار انوی ٹیشن ٹرافی میں جوابی بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں فتح سے ہمکنار ہوئیں۔میزبان رائزنگ اسٹار نے ملیر اسپورٹس کو 5وکٹوں کی ہزیمت سے دوچار کیا جبکہ فیصل جیم خانہ کو طوبیٰ اسپورٹس پر 8وکٹوں سے غلبہ حاصل ہوا۔فاتح ٹیموں نے ٹاپ 8میں اپنی نشست کو محفوظ بنالیا۔رائزنگ اسٹار کے علیم احمد کو 32رنز کے عوض 5کھلاڑیوں کو میدان بدر کرنے پر اسمٰعیل پنہور اور مقصود حفیظ کو 90رنز کی شاندار بیٹنگ پر اشتیاق چوہدری نے بائیو ریکس فارماسیوٹیکل مین آف دی میچ کیش ایوارڈ دیا۔ معراج ملت گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں طوبیٰ اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 35اوورز میں 6وکٹوں پر 297رنز جڑ دئے۔ افسر نوازنے 76اور سیف اﷲ نے 51رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین چوتھی وکٹ پر 121رنز جوڑے گئے۔ کاشف الرحمن نے 47رنز کی اننگز کھیلی۔ صمامہ رشید نے 76رنز پر 3کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔فیصل جیم خانہ کو مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور باآسانی 2وکٹوں پر 299رنز حاصل کرکے فتح کو یقینی بنالیا گیا ۔ عرفان علی نے 76اور فیاض حسین نے 35رنز کے ساتھ پہلی وکٹ پر 109رنز کی رفاقت قائم کی جبکہ مقصود حفیظ نے 90رنز اور صہیب شکیل نے 87رنز کی زور دار اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین تیسری وکٹ پر 173رنز کی شراکت بنی۔ذکاء اﷲ اور فیضان عباس کو ایک ایک وکٹ ملی۔ الحدید جیم خانہ گراؤنڈ پر ملیر اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 175رنز پر پویلین سدھار گئی۔ ارباز خانے 60رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی۔ عمیر خان نے 24، عامر ادریس نے 21رنز اسکور کئے۔ علیم احمد نے شاندار بولنگ سے حریف ٹیم کے 5کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔ ہارون خلیل کو 2وکٹیں 32رنز کے عوض حاصل ہوئیں۔ رائزنگ اسٹار نے مطلوبہ ہدف باآسانی 5وکٹوں پر حاصل کرلیا جب 175رنز کا ہندسہ اسکور بورڈ پر آویزاں کرکے فتح کو گلے لگایا گیا۔شہزاد اختر نے 50رنز کی اننگز کھیلی کر فتح کی بنیاد رکھی۔ ضیاالرحمن نے 33اور عفنان خان نے اپنی ٹیم کی فتح میں 32رنز کا حصہ ڈالا۔ عقیل جہانزیب 37رنز کے عوض 2حریف بلے بازوں کو پویلین روانہ کرنے کا سبب بنے۔

error: Content is protected !!