سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کا دوسرا مرحلہ ، لاہور ڈویژن نے باکسنگ چیمپئن شپ جیت لی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت دوسرے مرحلہ کے جاری انڈر 16انٹر ڈویژن گیمز میں لاہور ڈویژن نے باکسنگ چیمپئن شپ جیت لی ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے باکسنگ چیمئن شپ جیتنے پر لاہور ڈویژن کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ انڈر 16انٹر ڈویژن گیمز سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے اور وہ جوش و جذبہ سے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، چیمپئن شپ میں 9 ڈویژنز کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور تمام کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بہترین اظہار کیا ہے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت دوسرے مرحلہ کے جاری انڈر 16انٹر ڈویژن گیمز میںمختلف کھیلوں کے مقابلے ہورہے ہیں، لاہور ڈویژن نے باکسنگ میں میدان مار کر چیمپئن شپ جیت لی ہے

لاہور ڈویژن نے 102پوائنٹس حاصل کئے جبکہ گوجرانوالہ ڈویژن کی ٹیم 53پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور سرگودھا ڈویژن کی ٹیم 52پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں، فیصل آباد نے 43، ملتان نے 37، بہاولپور نے 27، راولپنڈی نے 22، ساہیوال ڈویژن نے 18 اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن نے 6پوائنٹس حاصل کئے۔کرکٹ (گرلز) کے میچ میں لاہور ڈویژن نے ساہیوال ڈویژن کو 9وکٹوں سے شکست دیدی،ساہیوال ڈویژن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 10اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 44رنز بنائے اور لاہور ڈویژن کو جیتنے کے لئے 45رنز کا ہدف دیا

اقصیٰ اور انعم نے بالترتیب 19اور 18رنز بنائے، لاہور کی حلیمہ دعا نے ایک وکٹ لی جبکہ ساہیوال کی دو کھلاڑی رن آئوٹ ہوئیں، لاہور ڈویژن کی ٹیم نے جواب میں مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 4.2اوورز میں حاصل کرلیا،حلیمہ دعا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5چوکوں کی مدد سے 30رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، طیبہ ذوالفقار نے 10 رنز بنائے، دوسرے میچ میں فیصل آباد ڈویژن کی ٹیم نے ملتان ڈویژن کی ٹیم کو 25رنز جبکہ تیسرے میچ میں ساہیوال ڈویژن کی گرلز ٹیم نے گوجرانوالہ ڈویژن کی ٹیم کو 9وکٹوں سے ہرادیا، تمام میچز لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں کھیلے گئے۔

کرکٹ (بوائز) کے میچ میں ساہیوال ڈویژن کی ٹیم نے گوجرانوالہ ڈویژن کی ٹیم کو 26رنز سے شکست دیدی، ساہیوال ڈویژن کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 70رنز بنائے جس کے جواب میں گوجرانوالہ کی ٹیم 44رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی، یہ میچ پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس گرائونڈ میں ہوا، پنجاب سٹیڈیم میں کبڈی کے مقابلوں میں سرگودھا ڈویژن نے لاہور ڈویژن کو 19پوائنٹس سے ہرادیا، میچ میں سرگودھا کے انڈر 16کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41پوائنٹس حاصل کئے جبکہ لاہور کی ٹیم صرف 22پوائنٹس حاصل کرسکی۔

دوسرے مقابلے میں فیصل آباد ڈویژن نے ملتان ڈویژن کو 22پوائنٹس سے مات دی، فیصل آباد کے کھلاڑیوں نے 35پوائنٹس بنائے جبکہ ملتان کے کھلاڑی صرف 13پوائنٹس لے سکے، تیسرے میچ میں ساہیوال ڈویژن نے ڈی جی خان ڈویژن کو 12پوائنٹس سے شکست دی، ساہیوال کے 35جبکہ ڈی جی خان ڈویژن کے 19پوائنٹس رہے۔

error: Content is protected !!