نیشنل انٹر سٹی فٹبال‘ کراچی گرین کی کراچی ریڈ پر گولوںکی بارش

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری نیشنل انٹر سٹی فٹبال چمپئن شپ 2019میں نیاناظم آباد فٹبال اسٹیڈیم پر کراچی گرین نے کراچی ریڈ کی درگت بنادی اور 9-0کی شکست سے دوچار کیا۔ واجد نے کراچی سینٹر کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ رکن ، پاکستان فٹبال فیڈریشن جمیل ہوت کا بحیثیت مہمان خصوصی میچ سے قبل دونوںٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔اس موقع پر نیشنل کوچ سید ناصر اسمٰعیل اور کوارڈنیٹر ریاض احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ کراچی گرین نے ابتدا ہی سے اپنی عمدہ پاسنگ اور بال کنٹرول کا شاندار مظاہرہ کیا اور کراچی ریڈ کو کسی بھی لمحہ حاوی ہونے کا موقع نہ دیا۔ تاہم ان کا کھاتہ 26ویں منٹ میں صادق نے گول کرکے کھولا جبکہ واجد چار منٹ میں یکے بعد دیگرے دوگول اسکورکرکے وقفہ پر کراچی گرین کو 3-0کی سبقت دلادی۔دوسرے ہاف میں بھی کراچی گرین کے مقابل ریڈ بے بس نظر آئی ۔ گوکہ کراچی ریڈ کو خسارے کو کم کرنے کا ایک سنہری موقع پنالٹی کک کی صورت میں میسر آیا لیکن بدقسمتی سے گیند جال میں نہ جاسکی۔ کراچی گرین کی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی عمدہ کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے تابڑ توڑ حملوں کے ذریعہ کراچی ریڈ کی دفاع کو مفلوج کرکے رکھ دیا اور مزید 5گول اسکور کیے۔ 55ویںمنٹ میں نیاز نے چوتھا ،58ویں منٹ میں واجد نے پانچواں،75ویں منٹ میں مبشر رشید نے چھٹا، 87ویں منٹ میں جان محمد نے ساتواں ، 89ویں منٹ میں اویس گل نے آٹھواں ،آخری اور نواں گول انجری ٹائم میں صادق نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 9-0کی آسان فتح سے ہمکنا رکردیا۔محمد یوسف کے معاونین محمد اعظم اور نصیر الدین پپو فوتھ آفیشل یونس لعل ، ریفریز ایسیسر استاد عبدالطیف بلوچ اور میچ کمشنر اﷲ بخش تھے۔

error: Content is protected !!