ونٹرا سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے چترال ا ور سوات میں سرمائی کھیلوں کے اسکولز کا افتتاح کردیا

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)مقامی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے ونٹرا سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے مڈاک لشٹ (چترال) اور مالم جبہ (سوات) میں سرمائی کھیلوں کے دو تربیتی ا سکولز کا افتتاح کیا ۔ ائیر مارشل عاصم ظہیر، وائس چیف آف دی ائیر سٹاف، جوکہ صدر ونٹرا سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان بھی ہیں،ان تقاریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ونٹرا سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے کہا کہ یہ سکول با صلاحیت مقامی نوجوانوں کو الپائن اسکیینگ ، سنو بورڈنگ ، آئس سکیٹینگ اور آئس ہاکی جیسے مختلف کھیلوں کی تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ونٹرا سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان شروع میں ان اسکولز کے لئے عارضی بنیادوں پر انفراسٹرکچر فراہم کرے گی جس کے لئے تمام فنڈنگ فیڈریشن خود مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مڈاک لشٹ (چترال) اور اڑنگ کیل (آزاد کشمیر) کو نلتر اسکی ریزورٹ کی طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن ان نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے غیر ملکی کوچز کی بھی خدمات بھی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان اسکولوں سے تربیت یافتہ کھلاڑی جلد ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے ۔ونٹرا سپورٹس فیڈریشن آ ف پاکستا ن نے پچھلے ماہ اڑنگ کیل (آزاد کشمیر) میں بھی ایک تربیتی اسکول کا افتتاح کیا ہے جس سے ملک کے شمالی علاقوں میں قائم کردہ سرمائی کھیلوں کے اسکولز کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں ان سرمائی کھیلوں کے اسکولوں کے قیام سے نہ صرف ان برف پوش پہاڑوں پر سرمائی کھیلوں کے موا قع پیدا ہونگے بلکہ ملکی سیاحت کو بھی مزید فروغ ملے گا۔

error: Content is protected !!