پاکستان گرین اور پاکستان ریڈ کے درمیان نمائشی بیس بال میچ

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان انڈر 15گرین اور پاکستان انڈر15ریڈ کے درمیان ایک نمائشی میچ اسلام آباد میں کھیلا گیا۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان انڈر 15گرین اور پاکستان انڈر 15ریڈ کے درمیان ایک نمائشی میچ بیس گراؤنڈ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا گیا۔ نیشنل بیس بال اکیڈمی، یوسف زئی بیس بال اکیڈمی کے پی اور صوابی کے بیس بال کے کھلاڑیوں نے اس میچ میں شرکت کی۔ پاکستان آرمی بیس بال ٹیم کے کھلاڑی بھی اس موقع پر موجودتھے۔شیخ مظہر احمد نے بتایا کہ اس میچ کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری منسٹری آف انٹر پروونشیل کوآرڈینیشن اکبر حسین درانی تھے۔ ان کے ہمراہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عارف ابراھیم بھی موجود تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے فخر امیر کاظمی لیگل ایڈوائزر، طاہر محمود خزانچی اور شمس الاسلام لودھی کوآرڈینیٹر (اسلام آباد) کے ہمراہ مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔شیخ مظہر کے مطابق اس موقع پر منصوراحمد خان ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ایڈمن) پی ایس بی، معشوق علی اور کپتان آفرید ی یوسف زئی بیس بال اکیڈمی، گل جان آفریدی کے پی، کامران محبوب آرمی بیس بال کوچ، طارق ندیم انٹر نیشنل بیس بال پلیئر، غلام حسین اور مدثر علی بیس امپائرز بھی موجود تھے۔ سید فخر علی شاہ نے مہمان خصوصی کو سوونئر پیش کیا۔شیخ مظہر نے بتا یا کہ پاکستان انڈر15ٹیم کی تیاریوں کے سلسلے میں اس میچ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ پاکستان انڈر 15بیس بال ٹیم نے اس سال چائنا میں کھیلی جانے والی انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کرنی ہے۔ دنیا کی ٹاپ ٹیمیں جاپان، کوریا، چائنا، تائیوان اور ہانگ کانگ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کررہی ہیں۔ ٹورنامنٹ کی ٹاپ 2 ٹیمیں انڈر 15ورلڈ کپ 2020 میں شرکت کریں گی۔میچ میں پاکستان انڈر 15گرین نے پاکستان انڈر15ریڈ کو 1 – 0 سے شکست دے دی۔ پاکستان گرین کی جانب سے محمد فیاض نے ایک رن سکورکیا۔

error: Content is protected !!