نیشنل انٹر سٹی فٹبال چمپئن شپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی

بہاولپور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری نیشنل انٹر سٹی فٹبال چمپئن شپ کے گرو پ میچز مکمل ہوگئے۔ گروپ ’اے‘ سے فیصل آباد اور کراچی گرین، گروپ ’بی‘ سے خیبر اور کوئٹہ، گروپ ’سی‘ سے مالاکنڈ اور گجرانوالہ جبکہ گروپ ’ڈی ‘ سے اسلام آباد اور گوادر کی ٹیموں نے کوارٹرفائنل کھیلنے کی راہ ہموار کی۔ پہلے کوارٹر فائنل میں اسلام آبادا ورکراچی گرین، دوسرے کوارٹرفائنل میں فیصل آباد اور گوادر کی ٹیمیں ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور پر مدمقابل ہونگی جبکہ ملتان کے ڈویثرنل اسپورٹس اسٹیڈیم پر خیبر کا مقابلہ گجرانوالہ اور کوئٹہ کا سامنا مالا کنڈ سے ہوگا۔بہاولپور پر کھیلے گئے پہلے میچ میں اسلام آباد نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈی آئی خان کو 1-0سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ابتدائی منٹوں میں اسلام آباد کو برتری کے حصول کاسنہری موقع پنالٹی کک کی صورت میں ملا لیکن گیند پوسٹ کے باہر چلی گئی۔

میچ کا فیصلہ کن گول 36ویں منٹ میں روح اﷲ نے بنایا۔ دوسرے میچ میں فیصل آباد اور کراچی گرین کے مابین دلچسپ مقابلہ 2-2گول سے برابر ہوگیا۔ فیصل آباد کے زبیر نے تیسرے اور 9ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 2گول داغ کر سنسنی پھیلا دی جو وقفہ تک برقرار رہی۔ تاہم دوسرے ہاف میں کراچی گرین نے حریف ٹیم کے دونوں گول اتار دئے جب واجد نے 25ویں اور 48ویں منٹ میں مسلسل 2بار گیند کو جال میں داخل کرکے مقابلہ 2-2سے برابر کردیا۔ ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں خیبر اور کوئٹہ کا مقابلہ انتہائی دلچسپ رہا اور 2-2کی برابری پر ختم ہوا۔یاسین محمد نے تیسرے منٹ میں خیبر کو پہلے برتری دلائی جسے نذیر احمد نے 26ویں منٹ میں برابر کردیا۔ 32ویں منٹ میں خیبر کو ایک پنالٹی کک ملی جسے اکبر خان نے گول میں تبدیل کرکے ایک بار اپنی ٹیم کو 2-1سے آگے کردیالیکن 39ویں منٹ میں عرفان اﷲ کوئٹہ کو خسارے سے نکالنے میں کامیاب رہے ۔وقفہ پر مقابلہ 2-2سے برابر رہا۔دوسرے دورانیہ میں مزید کوئی گول نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں نے ایک ایک پوائنٹ شیئر کیا ۔ریفری یونس لعل، اکرام اﷲ، ناصر حبیب،شوکت حسین، راشدعبدﷲ ، نصیر الدین پپو، عدنان خان، محمد امجد اور تنویر جبکہ میچ کمشنر سید امتیاز علی شاہ اور نعیم زیدی تھے۔

error: Content is protected !!