وسیم اکرم محمد عامر کی حمایت میں سامنے آگئے

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء کیلئے قومی سکواڈ میں محمد عامر کو شامل نہ کرنا نقصان دہ ہو گا، گزشتہ کافی عرصے سے کارکردگی نہ دکھانے والے محمد عامر دوبارہ فارم حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر نے ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کیا تو اس میں محمد عامر کو شامل نہ دیکھ کر ہر کوئی حیران ہوا تاہم انہیں ورلڈکپ سے پہلے انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا اور ورلڈکپ سکواڈ میں شمولیت کو سیریز میں بہتر کارکردگی سے مشروط کر دیا۔ وسیم اکرم کو یقین ہے کہ محمد عامر فارم حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور ان کے خیال میں ورلڈکپ سے محمد عامر کو باہر نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے محمد عامر ورلڈکپ کیلئے میری پہلی چوائس ہوتے۔ میں پراعتماد ہوں کہ ردھم میں واپس آ کر وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نوجوانوں کی ٹیم میں شمولیت کے حق میں ہوں مگر تجربے کا کوئی متبادل نہیں ہوتا، اس لئے ہمیں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ہی میدان میں اتارنی چاہئے۔

error: Content is protected !!