ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی عالمی درجہ بندی،عماد وسیم کس پوزیشن پر آگئے

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی 20 میچ کے بعد پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر عماد وسیم آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے۔بولرز میں افغانستان کے راشد خان کی بدستور پہلی پوزیشن ہے جبکہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل کا آل راؤنڈرز میں پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے۔کارڈف میں گزشتہ روز کھیلے گئے اس میچ میں ٹی 20 کی نمبر ون پاکستان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔عماد وسیم نے ہم وطن لیگ اسپنر شاداب خان اور انگلینڈ کے عادل رشید کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔بیماری کی وجہ شاداب خان نے میچ میں شرکت نہیں کی تھی جبکہ عادل رشید وکٹ لینے میں ناکام رہے تھے۔شاہین شاہ آفریدی نے بھی اپنی رینکنگ بہتر بنائی ہے، وہ اب تین درجے بہتری کے بعد 50 سے 47 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف 65 رنز کی اننگز کھیل کر بابر اعظم نے اپنی نمبر ون پوزیشن کو مزید مستحکم بنالیا ہے۔بابراعظم 11 پوائنٹس حاصل کرکے مجموعی طور پر 896 پوائنٹس اسکور کرلئے ہیں جو اُن کے کیریئر کے بہترین ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔حارث سہیل نے 50 رنز کی اننگز کھیل اپنی رینکنگ بہتر کی ہے، وہ اب 218 سے 141 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔انگلینڈ کے جو روٹ دو درجے بہتری کے بعد 19 ویں نمبر پر ہیں جبکہ کپتان ایون مورگن اپنی پوزیشن تین درجے بہتر بناکر 22 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ٹیموں کی رینکنگ میں پاکستان بدستور پہلے نمبر پر ہے، انگلینڈ نے جنوبی افریقا سے دوسری پوزیشن چھین کر تیسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے جبکہ آسٹریلیا چوتھے اور بھارت پانچویں نمبر پر ہے۔

error: Content is protected !!