اسلام آباد قومی سٹی چمپئن بن گئی‘ 4لاکھ روپے اور خوبصورت ٹرافی اپنے نام کرلی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے یہ ایونٹ جس میں 10لاکھ روپے کے کیش پرائزز دیئے گئے ہیں سمند رمیں ایک قطرے کی مانند ہیں ۔ آپ سب کے تعاون سے انشاء اﷲ فٹبال کی ترقی کا سفر جو ہم نے شروع کیا ہے یہ سلسلہ روز بروز دراز اور مضبوط ہوتا جائے گا ۔ ہم سب مل جل کر اور رنجشو ں کو بھلا کر فٹبال کھیل کی خدمت کریں گے۔ کیونکہ فٹبالر ز اور فٹبال کھیل موجود ہے تو ہم ہیں ورنہ ہماری کوئی حقیقت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انجینئر سید اشفاق حسین شاہ، صدر ، پاکستان فٹبال فیڈریشن نے نیشنل انٹر سٹی فٹبال چمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی ڈویثرنل اسپورٹس اسٹیڈیم، ملتان کی سرسبز فیلڈ پر شائقین اور کھلاڑیوں کی بہت بڑی تعداد کے سامنے کیا۔ اس موقع پرسردار نوید حیدر خان، نائب صدر پی ایف ایف اور صدر، پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن ، حاجی خلیل احمد، چوہدری فقیر محمد، حاجی خالد محمود، چوہدری محمد سلیم، قائم مقام سیکریٹری فیڈریشن کرنل (ر) فراست علی شاہ، پی ایس ٹو پریذیڈنٹ شرافت حسین بخاری، عمیر ضیاء، رؤف باری، عرفان قریشی، میاں جاوید قریشی، لالہ اکبر رئیسانی، رانا اشرف ،ریاض احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ فائنل میں اسلام آباد نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد خیبر پختونخواہ کو 2-1سے شکست دے کر فاتح ٹرافی مہمان خصوصی انجینئر سید اشفاق حسین شاہ ، صدر، پاکستان فٹبال فیڈریشن سے وصول کی۔اسلام آباد کی جانب سے روح اﷲ نے 5ویں منٹ میں گول داغ کر اپنی ٹیم کو پہلے برتری دلادی اور دانیال خان نے 44ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو 2-0سے مستحکم کردیا۔ وقفہ پر خیبر پختونخواہ کی ٹیم 0-2کے خسارے میں تھی ۔ وقفہ کے دوران مہمان خصوصی کا تعارف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا گیا۔ وقفہ کے بعد کھیل میں زیادہ تیزی دیکھنے میں آئی اور 76ویں منٹ میں عزیز اﷲ نے حریف گول کیپر کی غلطی کا پورا فائد ہ اٹھاتے ہوئے اپنی ٹیم کے خسارے کو 1-2کردیا ۔مقررہ وقت میں مزید کوئی گول اسکور نہ ہوسکا اور شوکت حسین کی فائنل وسل پر اسلام آباد نے 2-1کی فیصلہ کن برتری کے ساتھ قومی سٹی چمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔قبل ازیں کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں کوئٹہ نے فیصل آباد کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 13ویں منٹ میں نذیر احمد اور 15ویں منٹ میں انور شاہ نے یکے بعد دیگرے 2گول بنا کر کوئٹہ کو 2-0کی سبقت دلاکر فیصل آباد کو دباؤ میں لے لیا۔ تاہم کھیل میں اس وقت دلچسپی پیدا ہوگئی جب 45ویں منٹ میں مدثر ظفر اقبال نے گول کیپر کی غلطی کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال کے حوالے کرکے مقابلہ 1-2کردیا۔ مقررہ وقت تک کوئٹہ کی ٹیم نے اپنی 2-1کی برتری کو برقرار رکھ کر تیسری پوزیشن کی حقدار بن گئی۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی انجینئر سید اشفاق حسین شاہ ، صدر، پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اسلام آبادکو 4لاکھ روپے، رنر اپ خیبرپختونخواہ کو کو2 لاکھ 50ہزارروپے، کوئٹہ کو تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ایک لاکھ 50ہزار روپے، فیئر پلے ٹیم کا اعزازفیصل آباد کو ملا 70ہزار روپے، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کوئٹہ کے محمد سعید کو 50ہزار روپے، ٹاپ اسکورر خیبرپختونخواہ کے محمد یاسین،بہترین گول کیپراسلام آباد کے بلال کو40,40ہزار روپے کے کیش پرائز کے علاوہ خوبصورت ٹرافیاں بھی دی گئیں۔

error: Content is protected !!