محمد عامر کی بائولنگ اب آئیڈیل نہیں رہی،مکی آرتھر

ساؤتھمپٹن(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ عامر اچھا بولر ہے لیکن چیمپئینز ٹرافی کے بعد اس کی بولنگ آئیڈیل نہیں رہی۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے وارم اپ گیمز بہت اچھے رہے ہیں، موسم سرد ضرور تھا لیکن اچھی تیاری کا موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوول میں میچ نہ ہونا مایوس کن رہا، وہاں کی کنڈیشنز بہت ٹف تھیں، ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کو انگلینڈ میں چھ ہفتے مل رہے ہیں جو بہت اچھا ہے، کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا بہت ضروری ہے اور اس کا ہمیں موقع مل رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم انگلینڈ میں چیمپئینز ٹرافی جیت چکے ہیں، کھلاڑی اچھا کھیل کر اعتماد حاصل کرتے ہیں، ورلڈ کپ میں بہت اچھی ٹیمیں ہیں، یہ ایک اچھا ورلڈ کپ ہوگا۔مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہماری ورلڈ کپ میں نوجوان ترین ٹیم ہے جس پر مجھے اعتماد ہے، میزبان انگلینڈ ون ڈے کرکٹ کی بہترین ٹیم ہے اور ورلڈ کپ کی ایک فیورٹ ٹیم بھی ہے اور آرچر نے اپنی بولنگ سے بہت متاثر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ جیسے مقابلوں میں کوئی بھی ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتی ہے۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کے حوالے سے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ عامر اچھا بولر ہے لیکن چیمپئینز ٹرافی کے بعد اس کی بولنگ آئیڈیل نہیں رہی۔ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کیلئے دوسرے سیمرز کی طرح یہ کنڈیشنز سود مند رہتی ہیں، محمد عامر پر اعتماد ہے، وہ بڑے میچ کا کھلاڑی ہے، مقابلےکی فضا کا ہونا اچھی بات ہے، 20 مئی تک دیکھتے ہیں کون کون ورلڈ کپ کیلئے اپنی جگہ پکی کرتا ہے۔ یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے ہیں جس کے بعد انہیں اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر پی سی بی اور سلیکٹرز تنقید کی زد میں ہیں۔

error: Content is protected !!