عالمی کپ کرکٹ کے باعث ویسٹ ایشیا ء بیس بال کپ کے انعقاد کی تاریخ تبدیل

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے چودھویں ویسٹ ایشیا ء بیس بال کپ کے انعقاد کی تاریخیں تبدیل کردیں۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد سری لنکا میں جولائی 1 سے جولائی 6 تک ہونا تھا۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کے مطابق کرکٹ ورلڈکپ کاانعقادمئی سے جولائی تک انگلینڈ میں ہو رہا ہے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان، سری لنکا اور انڈیا کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ۔ کرکٹ ان تینوں ممالک میں بہت زیادہ پسند کیا جانے والا کھیل ہے اور عوام بھی کرکٹ میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ کرکٹ ورلڈ کپ کے دنوں میں عوام کی سرگرمیوں کا مرکز صرف اور صرف کرکٹ ہوگی۔
سید فخر علی شاہ نے بتایا کہ کرکٹ ورلڈ کپ اور ویسٹ ایشین ممالک میں بیس بال کی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان فیڈریشن بیس بال اور سری لنکن بیس بال ایسوسی ایشن نے بیس بال فیڈریشن آف ایشیا سے درخواست کی کہ ٹورنامنٹ کی تاریخیں تبدیل کردی جائیں اور ایشین فیڈریشن نے ہماری درخواست قبول کرلی۔ اب ٹورنامنٹ جولائی کی 15 تاریخ سے 20 تاریخ تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔
سید فخر علی شاہ نے مزید بتایا کہ عید کی چھٹیوں اور گرم موسم کی وجہ سے پاکستان فیڈریشن بیس بال نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کا انعقاد ملتان میں جون کی بجائے ستمبر کے مہینے میں کرے گی۔ یاد رہے کہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ ملتان میں جون کی 10 سے 15 تاریخ تک منعقد کی جانی تھی ۔ لیکن گرم موسمی حالات کی وجہ سے اب اس کا انعقاد ستمبر کے مہینے میں ملتان میں ہی کیا جائے گا۔

error: Content is protected !!