عالمی کپ کرکٹ،کس ٹیم کے کھلاڑی سب سے زیادہ عمر رسیدہ،کونسا کرکٹرسب سے زیادہ عمر کا؟

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ کپ کے آغاز میں اب چند دن باقی رہ گئے ہیں اور تمام ٹیموں کے اسکواڈ ایونٹ میں شرکت کے لیے انگلینڈ پہنچ چکے ہیں تو آئیے دیکھتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں سب سے عمر رسیدہ اور نوجوان اسکواڈ کس ٹیم کا ہے۔عالمی کپ میں شرکت کرنے والی تمام 10 ٹیموں کے اسکواڈ پر نظر دوڑائی جائے تو تمام ہی ٹیمیں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا حسین امتزاج نظر آتی ہیں۔عامی کپ میں شرکت کرنے والی سب سے عمر رسیدہ ٹیم کی بات کی جائے تو مسائل سے دوچار سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر سب سے زیادہ ہے۔اگر سری لنکا کے تمام کھلاڑیوں کی اوسط عمر دیکھی جائے تو وہ 29.9 سال بنتی ہے جس میں 36 سالہ جیون مینڈس، 35 سالہ لاستھ ملنگا، 32 سالہ سورنگا لکمل اور 31 سالہ اینجلو میتھیوز شامل ہیں۔اسی طرح عالمی کپ کے لیے فیورٹ قرار دی جانے والی 3 ٹیموں آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر بھی کچھ کم نہیں۔

جنوبی افریقہ کے اسکواڈ کی اوسط عمر 29.5 ہے اور ان کے اسکواڈ میں 40 سالہ عمران طاہر بھی شامل ہیں جو ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے سب سے زیادہ عمر کے کرکٹر ہیں۔انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی عمریں بھی اوسطاً 29.5 ہیں جبکہ 5 مرتبہ کی عالمی چیمپیئن آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر، ان سے کچھ کم یعنی 29.4 ہے۔بھارت کے کھلاڑیوں کی اوسط کی بات کی جائے تو وہ بھی 29.5 بنتی ہے جو تمام ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والا اب تک کا بھارت کا سب سے عمر رسیدہ اسکواڈ ہے۔گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر 29 سال ہے، اس ٹیم کے سب سے زائد العمر کھلاڑی روس ٹیلر ہیں، جن کی عمر 35سال ہے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی اوسط عمر 28 سال بنتی ہے، اس ٹیم کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی جارح مزاج اوپننگ بلے باز کرس گیل ہیں جن کی عمر ہے 39 سال ہے۔قومی اسکواڈ میں 19 سالہ محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی کی موجودگی کے باوجود پاکستانی ٹیم کی کُل عمر 414 بنتی ہے اور اس لحاظ سے پاکستانی ٹیم کی اوسط عمر 27.6 ہے، پاکستان کے محمد حفیظ 38 اور شعیب ملک کی عمر 37 سال ہے۔

مشرفی مرتضیٰ کی شکل میں 35 سالہ کپتان ہونے کے باوجود بنگلہ دیش کی ٹیم کا شمار بھی عالمی کپ کی نوجوان ٹیموں میں ہوتا ہے جہاں اس ٹیم کی اوسط عمر 27.3 بنتی ہے، اس اسکواڈ کے سب سے نوجوان کھلاڑی 21 سالہ مہدی حسن میراز ہیں۔عالمی کپ میں شرکت کرنے والی سب سے کم عمر ٹیم افغانستان کی ہے جس کے کھلاڑیوں کی اوسط عمر 27.2 بنتی ہے، 18 سالہ مجیب الرحمٰن اس ٹیم کے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔

error: Content is protected !!