راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا غیر قانونی اجلاس بلانے کی مذموم کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) نے ایسوسی ایشن کے آئین کی خلاف ورزی کرنے اور غیر قانونی اجلاس بلانے کی مذموم کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسوسی ایشن کسی کے ہاتھوں بلیک میل ہوئی ہے نا ہو گی۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رسجا کے صدر افضل جاوید کو شفاف الیکشن کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے لیکن الیکشن ہارنے والوں نے نتائج کو تسلیم کرنے کی بجائے متوازی باڈی بنانے کی مضموم کوششیں کی۔ سجا کے صدر افضل جاوید نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 7میں واضح ہے کہ ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا خصوصی اجلاس ریکوزیشن پر دو تہائی کونسل ممبران کی اکثریت کے بغیر نہیں بلایا جا سکتا ہے۔ رسجا کے بعض ممبران کی متوازی باڈی بنانے کی کوشش اور ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈسپلنری ایکشن کے تحریری نوٹس پر جواب نہ دینے پر پہلے ہی ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی انکی رکنیت معطل کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔ ایسوسی ایشن کو آئین کے مطابق ہی چلایا جائیگا، صرف چند کونسل ممبران رسجا کی منتخب باڈی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں لے سکتے جبکہ جھوٹے الزام لگانے اور عزت نفس سے کھیلنے کی مذموم کوشش میں ملوث ممبران کیخلاف ڈسپلنری ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مزید برآں رواں سال کے آخر میں ایسوسی ایشن کے الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے سینئر جرنلسٹ فہیم انور خان کی سربراہی میں پہلے سے قائم کمیٹی رسجا کی سکروٹنی سمیت نئے ممبران کی رکنیت کے حوالے سے آئین میں دئیے گئے طریقہ کار کے مطابق 90 روز کے اندر اپنی رپورٹ رسجا کے صدر کو پیش کرے گی۔

error: Content is protected !!