عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ،جنوبی افریقہ کی تیسری مسلسل شکست، بھارت اپنا پہلا میچ جیت گیا

ساوتھمپٹن(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 8ویں میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔ساوتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے 228 رنز کا ہدف سیٹ کیا جو بھارت نےروہیت شرما کی شاندار سنچری کی بدولت 43 ویں اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کے کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 9 وکٹ پر 229 رنز بنائے،کرس مورس 42،کپتان فاف ڈوپلیسی 38، فیفلکوایو 34، ڈیوڈ ملر اور ربادا 31،31 رنز کے نمایاں بیٹسمین رہے۔بھارت نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 13 کے اسکور پر گری، اوپنر شیکھردھون 8 رنز بناکر ربادا کا شکار بن گئے۔جنوبی افریقا کو کپتان ویرات کوہلی کی وکٹ بھی 54کے اسکور پر مل گئی،وہ 18 رنز بناکر وکٹ کیپر کو گیند تھما بیٹھے

ان کی وکٹ فیفلکوایو کے حصے میں آئی۔تیسری وکٹ پر اوپنر روہیت شرما اور کے ایل راہول نے 85رنز کی شراکت قائم کی،راہول 26رنز بناکر ربادا کی دوسری وکٹ بن گئے۔بھارت کے چوتھے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین مہندرا سنگھ دھونی تھے،213 کے اسکور پر مورس نے اپنی ہی گیند پر ان کا شاندار کیچ لیا، وہ 34 رنز بناسکے، انہوں نے روہیت شرما کے ساتھ مل کر اسکور میں 74رنز کا اضافہ کیا اور بھارت کی جیت کی بنیاد رکھ دی۔روہیت شرما نے 144گیندوں پر 122رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 13 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ان کے ہمراہ ہردیک پانڈیا 15 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ لوٹے،یوں بھارت نے ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز جیت سے کیاہے۔جنوبی افریقا کے ربادا نے 2 اور فیفلکوایو نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔ورلڈ کپ 2019 میں یہ جنوبی افریقا کی تیسری شکست تھی، اس سے قبل انگلینڈ اور بنگلادیش نے انہیں مات دی۔

error: Content is protected !!