کینگروز کیخلاف میچ، شاہینوں کے بھرپور ڈرلز جاری

ٹاؤنٹن(سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلیا کیخلاف بدھ کو ہونے والے ورلڈ کپ میچ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں، پیر کو پاکستان کرکٹ ٹیم نے خوشگوار موسم میں تین گھنٹے طویل پریکٹس سیشن کیا۔پریکٹس سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کی خصوصی ڈرلز بھی کیں۔پاکستان کے چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ٹریننگ کے موقع پر موجود تھے، جو ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے طویل مشاورت بھی کرتے دکھائی دیئے۔

آج موسم ٹھیک تھا تو پاکستان ٹیم مینجمنٹ کو وکٹ دیکھنے کا بھی موقع ملا، وکٹ پر گھاس موجود ہے اور امکان ہے کہ میچ میں فاسٹ بولرز کو مدد ملے۔ اگر میچ کے روز تک گھاس برقرار رہی تو پاکستان ٹیم ایک اضافی فاسٹ بولر کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نیٹ پر بھرپور محنت کرتے دکھائی دیئے، اُنہیں اب تک ورلڈ کپ میں کوئی میچ نہیں ملا۔

ٹاؤنٹن کے موسم میں پہلے سے بہتری آئی ہے تاہم بدھ کو بار ش کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم میچ بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں اوپننگ آرڈر کی جارح بیٹنگ کےلئے بھی پلاننگ کررہی ہے۔دوسری جانب آسٹریلین ٹیم بھارت کیخلاف میچ میں شکست کے بعد ٹاؤنٹن پہنچی، جہاں وہ منگل کو پریکٹس سیشن منعقد کرے گی۔

error: Content is protected !!